تعارف

مجلہ کا تعارف

سہ ماہی تحقیقات شرعیہ ،ندوۃ العلماء لکھنؤ کے علمی وتحقیقی شعبہ ’مجلس تحقیقات شرعیہ ‘کی جانب سے شائع ہونے والا ایک علمی وتحقیقی مجلہ (جرنل)ہے،ندوۃ العلماء دراصل ہندوستان کی مشہورتعلیمی تحریک کانام ہے،جس نے ایک صدی قبل دینی مدارس کے نصاب میں تبدیلی کی صدابلندکی،اور بدلتے حالات کو محسوس کرتے ہوئے دینی علوم کے ساتھ ضروری عصری علوم کو شامل کرکے ایک نیانصاب تیارکیا،جس کی بڑی پذیرائی ہوئی،اور اس نئے نصاب کے لئے ایک نمونہ کی درسگاہ کا قیام عمل میں آیا،اسی دانشگاہ کو دنیادارالعلوم ندوۃ العلماء کے نام سے جانتی ہے۔

ندوۃ العلماء کے ذمہ داروں نے ابتداء سے ہی صحافت اور علمی رسائل پر توجہ دی،چنانچہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے قیام بعد ابتدائی زمانہ میں ہی الندوہ،الضیاء جیسے بلندپایہ علمی رسالے یہاں سے نکلناشروع ہوئے،جس کی شہرت ملک اور ملک سے باہربھی ہوئی،اس کے بعد مختلف علمی اور دینی رسالے یہاں سے شائع ہوتے رہے،موجودہ وقت میں اردو،ہندی،انگریزی اورعربی چاروں زبانوں میں یہاں رسالے شائع ہورہے ہیں،مثلا تعمیرحیات(پندرہ روزہ، اردو)،سچاراہی (ماہانہ،ہندی)،دی فریگرینس آف ایسٹ (ماہنامہ ،انگریزی )،البعث الاسلامی (ماہنامہ،عربی)اور الرائد (پندرہ روزہ ،عربی)،یہ رسالے عام مسلمانوںکو دین کی باتوں سے واقف کرانے کے مقصد سے شائع کئے جارہے ہیں۔

عرصہ سے اس بات کی ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ یہاں سے ایک علمی اور تحقیقی رسالہ شائع کیاجائے جوموجودہ دوقت میں مختلف عصری اداروں سے شائع ہونے والے جرنل کی طرح علمی معیارکے مطابق ہو،اسی ضرورت کے مطابق ندوۃ العلماء کے شعبہ مجلس تحقیقات شرعیہ نے ذمہ داران ندوہ کے مشورہ اور ان کی اجازت کے بعد چھٹے فقہی سیمینارمنعقدہ نومبر ۲۰۲۴ءکے موقع پراس مجلہ کاآغاز کیا۔  

مقصد

مجلس تحقیقات شرعیہ کاقیام جدیدکوحل کرنے کے لئے اجتماعی کوشش کے عنوان سے ہواہے،چنانچہ اس پس منظر میں سہ ماہی تحقیقات شرعیہ کا بنیادی مقصد دینی علوم میں تحقیق وریسرچ کو فروغ دینے کے ساتھ نئے مسائل پر علمی وتحقیقی مقالات ومضامین کی اشاعت کرنا،نوجوان اہل قلم کو علمی وتحقیقی معیارکے مطابق لکھنے کے لئے میدان فراہم کرنااور ان کی حوصلہ افزائی کرناہے تاکہ علم وتحقیق کا ذوق عام ہو،اور جدیدموضوعات سے متعلق مسائل پر بحث وتحقیق کامزاج پروان چڑھے۔

مجلہ کا دائرہ

اس مجلہ کا دائرہ دینی علوم بشمول علم کلام ،قرآنیات،حدیثیات،فقہی تحقیقات،سیرت،اصول فقہ،تاریخ فقہ،مقاصد شریعت،اورفکراسلامی جیسے تحقیقی موضوعات تحقیقات کو پیش کرنانیز علمی وتحقیقی کتابوں پر تبصرہ،اورمختلف علمی وتحقیقی اداروں کی سرگرمیوں سے قارئین کوواقف کرناہے۔

مجلہ کے بارے میں بنیادی معلومات

نام تحقیقات شرعیہ
ناشر مجلس تحقیقات شرعیہ،ندوۃ العلماء ،ٹیگور مارگ ،لکھنؤ
دورانیہ سہ ماہی
زبان اردو
موضوع دینیات
آغاز اکتوبر ۲۰۲۴
نوعیت آن لائن
ایڈیٹر عتیق احمد بستوی
ای میل shariahacademynadwa@gmail.com