ہندوستان میں مسلمانوں کے عہد کا عدالتی نظام (فتح سندھ سے دہلی سلطنت تک)

(فتح سندھ سے دہلی سلطنت تک)

مولاناڈاکٹرمحمد فہیم اختر ندوی

(پروفیسراسلامک اسٹڈیزمولاناآزاداردونیشنل یونیورسیٹی)

پس منظر

ہندوستان اور مسلمانوں سے متعلق کوئی بھی گفتگو عرب وہند تعلقات سے ہی شروع ہوتی ہے۔ یہ تعلقات ماقبل اسلام سے قائم تھے ، عہد رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں اس تعلق کے مزید نقوش ابھرے ، چنانچہ سر زمین ہند سے میر عرب ﷺ کو ٹھنڈی ہوائیں آئی تھیں، اور ان کے پاک نفس صحابہ رضی اللہ عنہم کے قدموں کو ہند کے ریگ زاروں نے بوسے دئیے تھے(۱)۔

پہلی صدی ہجری کے آخری دہے کا آغاز تھا کہ92 ہجری مطابق 711ء میں بنو ثقیف کے ایک صالح و نڈر نوجوان‘ اور مشہور گورنر عراق حجاج بن یوسف کے بھتیجے و داماد یعنی محمد بن قاسم کے ہاتھوں’ سندھ‘ اور قرب و جوار کے بڑے علاقہ کی فتح انجام پائی، اور یوں ہند کی سرزمین پر باضابطہ مسلم حکومت کی بنیادرکھی گئی، اور اسلامی تعلیمات کے سایہ میں یہاں کا نظم ونسق قائم کیا گیا(۲)۔

یہ اولین مسلم حکومت حالات کی موجوں سے نبرد آزما ہوتی ہوئی محمود غزنوی کے زمانہ میں چوتھی صدی ہجری کے اختتام پر‘ سندھ، ملتان اور کشمیر کی سرحدوں تک پہنچ گئی تھی۔ پھر پانچویں صدی کے آغاز سے اس حکومت کی توسیع بتدریج شمالی ہندوستان کی طرف ہونے لگی، اور ساتویں صدی ہجری کے آغاز میں ہندوستان کے بڑے حصہ کی فتح کے ساتھ ‘دہلی میں باضابطہ مسلم حکومت قائم ہو گئی۔ یہ حکومت ’دہلی سلطنت‘ کے نام سے 602 ہجری مطابق 1206 عیسوی میں شروع ہوئی اور 320 برس بعد 1526ء میں مغلیہ حکومت کے نام میں تبدیل ہو گئی، جس نے پھر مزید 331 برس یعنی 1857ء تک‘ برصغیر کے بڑے حصہ پر طمطراق اور سطوت وشوکت کے ساتھ حکومت کا علم لہرایا۔

اس طرح ہندوستان میں مسلمانوں کے دور حکومت کی کل مدت 1147 برس کی ہوتی ہے۔ اس پوری مدت کے بنیادی طور پر تین حصے ہیں، اور تینوں حصوں میں نظم ونسق کی تین مختلف نوعیتیں رہی ہیں۔ پہلا حصہ فتح سندھ92 ھ مطابق 711ء سے لے کر سندھ میں عربوں کی حکومت کے اختتام تک کا دور ہے۔ 300 برس کے اس دور کو’ سندھ کی عرب حکومت‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ دوسرا حصہ محمود غزنوی کے عروج سے لے کر فتح دہلی سے قبل تک ہے۔ 200 برس (400 ھ تا 602ھ ) کے اس دور میں مسلم حکومت کے مراکز ملتان، لاہور اور شمال مغربی ہند کے کچھ علاقے رہے، اسے درمیانی دور کہا جا سکتا ہے۔ تیسرا حصہ دہلی سلطنت کے قیام سے لے کر مغلیہ حکومت کے زوال (1206 ء تا 1857ء) تک کا ہے۔ یہی دور پورے طور پر ہندوستان میں مسلمانوں کا دور حکومت ہے۔ 651 برس کی اس مسلم حکومت میں ہندوستان میں مسلمانوں نے اپنا نظم ونسق جاری کیا اور اپنا نظام عدل قائم کیا۔

ہندوستان میں مسلمانوں کے عہد کا عدالتی نظام جو ہمارے زیر غور موضوع ہے‘ بنیادی طور پر اسی تیسرے طویل دور سے تعلق رکھتا ہے، گو کہ پہلے دور میں سندھ میں مسلمانوں نے اپنا نظم و نسق قائم کر دیا تھا جس کے تحت نظام عدل بھی آتا تھا، کیونکہ ہندوستان میں ہندو مسلم تعلقات یا ہندو اکثریت والے علاقہ میں مسلم نظام عدل کی بنیاد اسی دور میں رکھی گئی ہے، اور یہاں مسلم حکمرانوں کو اسلامی ہدایات ‘ براہ راست سلطنت کے مرکز اور دارالخلافہ دمشق اور بغداد سے مل رہی تھیں۔ پھر اسی بنیاد پر توسیع کا عمل دوسرے دور میں ہوا۔ البتہ دوسرا دور اس حوالے سے زیادہ اہمیت کا حامل نہیں ہے، کیونکہ اس میں ہندوستان کے کسی خطہ میں مسلم حکومت کو مستحکم مرکزیت حاصل نہ تھی۔ صرف غزنوی اور غوری حکومتوں کے کچھ توسیعی اقدامات ہندوستان کے شمالی خطہ کے کچھ علاقوں میں پائے گئے تھے۔ دہلی سلطنت کے قیام سے ہی ہندوستان میں باضابطہ طور پر مسلم نظم و نسق اور نظام عدل کے قیام کی صورت جلوہ گر ہوتی ہے۔

حکومت سندھ میں نظام عدالت

محمد بن قاسم نے جب سندھ کے راجہ داہر پر فتحیابی حاصل کی اور قنزپور، ارمائیل اور دیبل ہوتے ہوئے نیرون، سیوستان، سیسم، اشیہار، سورتہ، بیٹ، راور، بہرور،دہلیلہ اور برہمن آباد کے شہروں کوسنہ 92 تا 96 ھ مطابق 711 تا 715 ء کی مدت میں یکے بعد دیگرے زیر کرتے ہوئے ملتان اور اس سے آگے تک کو فتح کر لیا‘ تو محض چار سال کی مدت میں کشمیر کی سرحد سے لے کر کچھ تک اور سمندر بحر عرب سے لے کر سرحد مالوہ، راجپوتانہ، ماڑواڑ اور دریائے راوی کے کنارہ تک کا علاقہ محمد بن قاسم کے زیر انتظام آ گیا(۳)۔ ان شہروں میں محمد بن قاسم نے نظم و نسق قائم کیا اور دارالخلافہ کی ہدایات کے مطابق قوانین وضوابط نافذ کیے(۴)۔

اس ضمن میں آنے والی تفصیلات کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم نظم و نسق اور مسلم عدالتی نظام کے تحت مقامی غیر مسلم آبادی کو مکمل مذہبی حقوق دئے گئے تھے ، ان کو اپنے مذہب پر عمل، مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ کی آزادی عطا کی گئی تھی۔ بلکہ برہمن آبادی کو خصوصیت کے ساتھ ان کے قدیم حقوق بحال کئے گئے تھے اور ان کے لئے خصوصی مراعات رکھی گئی تھیں، اور انھیں سرکاری عہدوں پر بھی فائز کیا گیا تھا۔ مقامی غیر مسلم آبادی کو مکمل عدل وانصاف اور امن و امان فراہم کیا گیا تھا،اور ان کی جان و مال اور جائداد کے تحفظ کی ذمہ داری مسلم حکومت نے لے رکھی تھی۔

چنانچہ برہمن آباد کی فتح کے بعد جب وہاں کے برہمنوں نے محمد بن قاسم سے اجازت طلب کی کہ وہ اپنے بت خانہ کو آباد کریں اور قدیم رسم کے مطابق ان کو نذرانے ملا کریں، تو محمد بن قاسم نے دارالخلافہ سے مسئلہ معلوم کیا اور وہاں سے حجاج کا جواب آیا کہ جب انہوں نے ہماری اطاعت قبول کر لی ہے تو اب ان کے مذہب میں دخل اندازی کا کوئی حق ہم کو نہیں ہے(۵)۔

فتح برہمن آباد کے بعد محمد بن قاسم کے ایک خط کے جواب میں حجاج نے اسے یہ ہدایات لکھ کر بھیجیں:

’’دستکاروں اور تاجروں پر بہت ہلکا بوجھ رکھنا، جس کے متعلق بھی یہ معلوم ہو کہ وہ زراعت اور کاشتکاری میں بڑی محنت کرتا ہے، اس سے قانونی محصول میں رعایت اور ہمدردی کی جائے، جو اسلام کی عزت سے مشرف ہو اس کے مال اور زراعت سے دسواں حصہ لیا جائے، جو اپنے دھرم پر قائم رہے اس کے کارخانے اور زراعت سے ملک کے قانون کے مطابق دیوانی محصول کا حصہ وصول کر کے عاملوں کے حوالے کیا جائے‘‘(۶)۔

چچ نامہ کا بیان ہے کہ جب محمد بن قاسم نے راجہ داہر کے پایہ تخت’ اروڑ‘ کو فتح کر لیا تو اس نے احنف بن قیس کے نواسہ رواح بن اسد کو اروڑ کا گورنر مقرر کیا اور شہری کاروبار، دارالقضاء کے معاملات اور خطابت کا عہدہ موسی بن یعقوب بن طائی ثقفی کے حوالے کر کے انہیں ہدایت دی کہ رعایا کی دلجوئی واجب سمجھی جائے(۷)۔

چچ نامہ کے مطابق محمد بن قاسم نے نہ صرف برہمنوں کے حقوق برقرار رکھے، بلکہ انہیں فوج میں افسر مقرر کیا، مال گزاری کے زیادہ تر کام ان کے سپرد کیے، اور ان کو یہ ہدایت دی کہ جہاں تک ممکن ہو رعایا پر جبر وظلم نہ کریں، ان سے ان کی طاقت سے زیادہ محصول، لگان اورجزیہ وصول نہ کریں، ہمیشہ آپس میں اتفاق رکھیں اور رعایا کے لیے جو بات مفید ہو اس کی اطلاع دیں، تاکہ اس پر عمل درآمد کیا جائے(۸)۔ علاقائی غیر مسلم آبادی کے بارے میں یہ فیصلہ سنایا گیا کہ ان کی جان کی حفاظت ہمارا فرض ہے، ان کے مال پر کوئی دست درازی نہیں کر سکتا ہے اور وہ سب ہماری پناہ میں ہے۔ (محمد بن قاسم کے نام حجاج کے خط میں یہ تاکید کی گئی ہے)،چچ نامہ میں وضاحت ہے کہ محمد بن قاسم نے عام مال گزاری میں سے تین فیصد برہمن پجاریوں کے لیے علاحدہ رکھوایا کہ بوقت ضرورت ان پر خرچ کیا جائے۔اور برہمن آباد کے 10 ہزار تاجروں وکاشتکاروں کو مالی امداد فراہم کی ۔ محمد بن قاسم اپنے ان اقدامات اور عدل وانصاف کی وجہ سے مقامی آبادی والوں کے نزدیک اتنا محبوب ہو گیا تھا کہ دربار خلافت سے طلبی پر جب اسے سندھ سے واپس لے جایا گیا تو اہل سندھ نے اس پر سوگ منایا اور’ کیرج‘ والوں نے اس کی یادگار کے لیے اس کا بت بنایا(۹)۔

تاریخ سندھ کے مصنف لکھتے ہیں کہ محمد بن قاسم نے برہمن آباد کے انتظامات اس طرح کئے کہ ’’ شہر کے چار معزز تاجروں کی ایک کمیٹی بنائی اور دیوانی (مالی) عدالت اس کے سپرد کر دی، تاکہ جس قدر مالی مقدمے ہوں وہ ان کے مذہب اور رسم و رواج کے مطابق فیصل کریں، اور اندرون شہر میں امن قائم رکھنے کے لیے پولیس کمشنر کے عہدہ پر وداع بن حمید نجدی کو مامور کیا جس نے ہر طرف چوکیدار اور سپاہی مقرر کر کے بدامنی کا انسداد کیا۔ کمیٹی کو آگاہ کر دیا گیا کہ کوئی اہم کام بغیر سپہ سالار کے مشورے کے فیصل نہ کیا جائے(۱۰)۔

ڈاکٹر صباح الدین عبد الرحمن نے ’ ہندوستان کے عہد وسطی کی ایک ایک جھلک‘ میں راؤ صاحب سی ایس اچاری کا اقتباس نقل کیاہے ‘ جس میں وہ لکھتے ہیں کہ ہندوؤں کو اپنے ذاتی معاملات مثلا قرض ، وراثت، زنا وغیرہ جھگڑے پنچایت ہی میں فیصلہ کرنے کی آزادی تھی(۱۱)۔

اس دور کے آخر میں مشہور سیاح بشاری مقدسی( شمس الدین ابو عبد اللہ محمد بن احمد المقدسی، 336 ۔380 ھ) نے 375ہجری میںملتان کا سفر کیا ہے، اس کے مطابق اس وقت یہاں کے قاضی القضاۃ قاضی ابو محمد منصوری تھے۔ وہ لکھتے ہیں:

’’منصورہ والوں میں زیادہ تر لوگ ظاہری مذہب (یعنی مشہور محدث ابوداؤد ظاہری ) کے پابند ہیں، اور حدیث پر عمل کرتے ہیں۔ قاضی ابو محمد منصوری کا ایک مدرسہ بھی ہے جس میں وہ درس دیتے ہیں، وہ خود بھی صاحب تصانیف ہیں‘‘ (۱۲)۔

منصورہ شہر کے بارے میں مولانا ابوظفر ندوی لکھتے ہیں:

’’منصورہ میں محکمہ قضاۃ کے لیے عدالتیں بھی قائم کی گئیں، جہاں قاضی بیٹھ کر انصاف کرتا تھا۔ کاغذات سرکاری ریکارڈ اور محکمہ کے عملہ کے لیے مکانات تعمیر کیے گئے۔ یہاں ایک سرکاری مدرسہ بھی تھا جو قاضی القضاۃ ابو محمد منصوری کی نگرانی میں کامیابی سے چل رہا تھا‘‘(۱۳)۔

سندھ کے مختلف شہروں میں محکمۂ قضاء سے وابستہ چند اہل علم کے نام تاریخ سندھ میں ملتے ہیں۔ اس کے مطابق موسیٰ بن یعقوب ثقفی قاضی اروڑ تھے، اور اس کے ساتھ ساتھ وہ پورے سندھ کے قاضی القضاۃ بھی تھے، یہ عرب تھے اور یمنی سندھی کہلاتے تھے(۱۴)۔ محمد بن ابی الشوارب منصورہ شہر کے قاضی تھے ،یہ عراق سے آکر سندھ میں آباد ہوئے تھے۔ ان کے بعد علی بن محمد بن ابی الشوارب منصورہ کے قاضی ہوئے ۔ چوتھی صدی کے آخر یعنی375 ہجری میں منصورہ کے قضاء کے منصب پر ابو محمد منصوری فائز تھے جو مذہب ظاہری کے بڑے عالم اور متعدد کتابوں کے مصنف تھے (۱۵)۔

مولانا ابوظفر ندوی نے لکھا ہے کہ عدالتی امور قاضی کے ماتحت ہوتے، دارالعدالت کے علاوہ تعلیمی محکمہ کا بھی نگراں قاضی ہی ہوتا تھا۔ پایہ تخت کا قاضی بغداد سے آتا تھا، اس کی نامزدگی خلیفہ کی طرف سے ہوتی تھی۔ چوتھی صدی کے وسط تک یہی نظام رہا، اس کے بعد غالبا یہ رسم جاتی رہی، لیکن اروڑ کا قاضی نسلاً بعد نسل محمد بن قاسم کے وقت سے چلا آرہا تھا(۱۶)۔

مولانا ریاست علی ندوی نے اپنی کتاب ’عہد اسلامی کا ہندوستان‘ میں لکھا ہے کہ سندھ کے عہدہ قضائت کے لیے 283 ھ مطابق 896 ھ میں شیخ محمد بن ابی الشوارب کا انتخاب عمل میں آیا، اس منصب کے لیے وہ خلیفہ بغداد کی طرف سے منتخب کیے گئے تھے، مگر چند مہینوں سے زیادہ وہ اس خدمت کوانجام نہ دے سکے، اور سندھ ہی میں وفات پائی۔ (بحوالہ ابن اثیر، جلد 7، صفحہ 334) اس کے بعد یہ منصب ان کے خاندان میں موروثی ہو گیا، اور آل ابی الشوارب ہی کے ذی علم افراد اس منصب پر مامور ہوتے رہے۔منصورہ کے قضاۃ میں شیخ ابوالعباس احمد بن محمد صالح منصوری سندھی کی جلیل القدر شخصیت گزری ہے ،یہ مذہب داؤد ظاہری کے متبع تھے۔… شیخ موسیٰ بن یعقوب ثقفی سندھی اروڑکے قاضی تھے، پھر سندھ کے قاضی القضاۃ ہوئے۔ التمش کے زمانہ تک ان کا خاندان اروڑ میں عہدہ قضاء پر مامور رہا۔ کمال الدین اسماعیل بن علی بن محمد ثقفی‘ 613ھ مطابق 1216ء میں اروڑ کی قضاء پر مامور تھے۔ مشہور تاریخ ’چچ نامہ‘ انہی کے بزرگوں نے لکھی تھی، جس کو ابن علی کوفی نے فارسی میں ترجمہ کیا‘‘(۱۷)۔

سندھ میں مسلمانوں کے عدالتی نظام کی مذکورہ بالا تفصیل مہیا ہوسکی ہے ، کیونکہ سندھ کی تاریخ پر مواد زیادہ دستیاب نہیں ہے۔ علامہ بلاذری نے فتوح البلدان میں فتوح السند کے تحت کچھ تفصیلات فراہم کی ہیں، لیکن ان میں وہاں کے نظم ونسق اور بالخصوص نظام عدل کے بارے میں تفصیل نہیں ملتی ہے۔ تاریخ یعقوبی(۱۸) میں محمد بن قاسم کے ذریعہ فتح سندھ کے حالات بیان کیے گئے ہیں، لیکن یہاں بھی نظام عدل کا ذکر نہیں ہے۔ چچ نامہ میں البتہ کچھ اشارے ملتے ہیں، جن کا ذکر سطور بالا میں کیا گیا۔ اسی طرح بعد میں لکھی گئی سندھ کی تاریخ ورجال پر کتاب ’تحفۃ الکرام‘ میں اور مولانا ابوظفر ندوی کی تاریخ سندھ میں بعض قاضیوں کے مختصر تذکرے ہیں، جن کا ذکر اوپر کیا گیا۔

غزنوی اور غوری حکومت ہند میں نظام عدالت

سلطان محمود غزنوی کے دور سے ہندوستان میں مسلمانوں کے عہد کا دوسرا دور شروع ہوتا ہے،سلطان محمود بن سبکتگین غزنوی کو 421 ہجری میں بغداد کے عباسی خلیفہ القادر باللہ نے ’ یمین الملۃ و یمین الدولۃ‘ کا لقب دیا تھا(۱۹) یہ پہلا شخص ہے جسے خلافت بغداد نے سلطان کے لقب سے نوازا(۲۰)۔

سنہ 400ہجری کے بعد ہندوستان کے شمال مغربی اور شمالی علاقے غزنی حکومت کے تحت آگئے تھے، چنانچہ پنجاب سلطنت غزنی کا ایک صوبہ قرار دیا گیا تھا(۲۱)، اور سندھ وملتان دونوں اس سلطنت کا حصہ تھے(۲۲)۔ پھر اس کی جگہ غوری حکومت نے لی، اور 200 برس کے بعد اسی غوری حکومت کے حکمراں سلطان شہاب الدین غوری اور اس کے جرنیل قطب الدین ایبک کے ذریعہ 602 ھ مطابق 1206 ء میں دہلی سلطنت قائم ہو گئی۔

ہندوستان میں مسلم حکومت کے اس دوسرے دور میں ملتان اور پنجاب کے علاقے باضابطہ طور پر سلطنت غزنہ کے تحت تھے اور یہاں نظم ونسق اور عدالتی نظام جاری تھا، غزنی سلطنت کی کمزوری کے بعد غوری سلطنت نے ان علاقوں کا انتظام سنبھال لیا۔ غوری سلطنت کے تحت پنجاب سے آگے شمالی اور مغربی ہند کے علاقے اور بتدریج وسطی علاقے بھی آتے گئے، بدایونی کے مطابق غزنوی دور حکومت سلطان ناصر الدین سبکتگین سے خسرو ملک تک 367 تا 582 ہجری ہے(۲۳) اور یہی سلطان ناصر الدین ’’سرزمین ہند پر اسلامی حکومت کا بانی ہے جس نے دہلی فتح کرنے سے قبل ہی اسلام کا ڈنکا بجایا‘‘ (۲۴) پھر ’’غوری عہد حکومت جس نے دہلی کو اپنا پایہ تخت بنایا اور ہندوستان میں اسلامی حکومت قائم کی ‘ سلطان شہاب الدین غوری نے اس کی بنیاد رکھی تھی‘‘(۲۵)

محمد قاسم فرشتہ نے محمود غزنوی کی سلطنت کے قاضی القضاۃ کانام ابو محمد ناصر ناصحی لکھا ہے (۲۶)۔

صباح الدین عبد الرحمن کی کتاب’ہندوستان کے عہد وسطی کی ایک ایک جھلک‘ میں مندرج مضمون ’محمود غزنوی اور اس کے جانشیں‘ میں مضمون نگار جناب سی وی ویدیہ (ہسٹری آف ہندو میڈیول انڈیا جلد سوم )نے محمود غزنوی کے عدل وانصاف اور بلند حوصلگی کے بہت سے واقعات درج کئے ہیں،ان کے مطابق ’’لین پول نے اس کی عمدہ حکومت اور عدل وانصاف کی بھی تعریف کی ہے، اور ایک سلجوقی وزیر کی رائے نقل کی ہے کہ وہ ایک عادل حکمران تھا‘‘ (۲۷)

اسی طرح کتاب مذکور میں پروفیسر ایشوری پرشاد کی کتاب ’’میڈیول انڈیا‘‘ سے اقتباس پیش کیا گیا ہے کہ:

’’سلطان محمود عدل وانصاف میں بڑا ہی سخت تھا، اور اپنی رعایا کی جان ومال کی حفاظت کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا، …ایک بار شہزادہ مسعود کے خلاف غزنی کے کسی تاجر نے کچھ رقم کی عدم ادائیگی کی شکایت کی تو شہزادہ کو قاضی کی عدالت میں حاضر ہو کر رقم ادا کرنی پڑی‘‘(۲۸)۔

پروفیسر ایشوری پرشاد نے مزید لکھا ہے کہ:

’’وہ اپنی رعایا پر عدل وانصاف کے سخت اصولوں کے ساتھ حکومت کرتا تھا۔ تجارت کی ترقی کے لیے اپنی وسیع سلطنت میں ایسا امن وامان قائم کر رکھا تھا کہ تجارتی قافلے خراسان اور لاہور کے درمیان کسی خوف وخطر کے بغیر برابر آتے جاتے رہتے تھے، صوبوں کے حکام اعلی کو اپنے قابو میں رکھتا تھا کہ وہ لوگوں پر ظلم نہ کرنے پائیں …محمود بازاروں پر کڑی نگاہ رکھتا تھا اور محتسب مقرر کر رکھے تھے، تاکہ کوئی تاجر ناپ تول میں بے ایمانی کرنے نہ پائے، اور وہ رعایا کی خوشحالی کے لیے بڑی فیاضیاں بھی کرتا، عتبی کا بیان ہے کہ اس نے عدل وانصاف اور رعایا کی خوشنودی کے لیے ایک ہزار سرخ دینار خرچ کیے‘‘(۲۹)

غوری حکومت میں قضاء کے طریقہ پر مولانا ریاست علی ندوی لکھتے ہیں:

’’سلطان شہاب الدین متقی، دیندار، شجاع اور عدل پرورتھا، رعایا کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتا اور ان کے معاملات کا منصفانہ فیصلہ کرتا تھا۔ غزنی کا قاضی ہر ہفتہ میں شنبہ سے سہ شنبہ تک 4 دن اس کی موجودگی میں امیر حاجب وامیر داد کے مشترکہ اجلاس میں مقدمات ومعاملات کی سماعت کرتا تھا، اور اگر کوئی صاحب معاملہ براہ راست توجہ سلطانی کومنعطف کرانا چاہتا تو اس کی سماعت خود کرتا تھا، اور قوانین احکام شریعت کے مطابق نافذ کیے جاتے تھے۔ وہ خود صاحب علم تھا، فقہاء وعلماء اس کی مجلس میں پابندی سے شریک رہتے، اور فقہ ودیگر علوم دین کے مسائل زیر بحث رہتے تھے۔ وہ مذہباً شافعی تھا،امام فخر الدین رازی کو سلطان سے تقرب تھا‘‘(۳۰)۔

مولاناریاست علی ندوی لکھتے ہیں:

’’شیخ سراج الدین محمد بن عثمان جوزجانی فقہ، اصول اور علوم دینیہ میں دستگاہ رکھتے تھے، لاہور میں پیدا ہوئے، اساتذہ عصر سے علوم کی تحصیل کی، سلطان شہاب الدین نے 583 ہجری میں انھیں لاہور کی قضائت عسکر پر مامور کیا۔ منہاج سراج مصنف طبقات ناصری انہی کے صاحبزادے تھے‘‘(۳۱)۔

خود منہاج سراج نے طبقات ناصری میں لکھا ہے:

’’جب سلطان معز الدین غوری 582ھ میں شہر لاہور کے دروازے پر آیا اور لاہور اس نے قبضہ میں لے لیا، تو اس نے سپہ سالار علی کرماخ کو جو اس زمانہ میں ملتان کا صوبہ دار تھا‘ لاہور کا والی مقرر کیا، اور مؤلف کے باپ مولانا سراج الدین قاضی لشکر ہندوستان مقرر ہوئے، اور سلطان معز الدین کا عطا کردہ خلعت پہنا اور بارگاہ لشکر میں مجلس علم منعقد کرنا شروع کی‘‘(۳۲)۔

قاضی منہاج سراج نے لکھا ہے کہ قاضی ملک ضیاء الدین محمد عبدالسلام قاضی تولک ہندوستان میں فتوحات کے وقت سلطان معز الدین غوری کے ہمرکاب تھے، قلعہ تبر ہندہ فتح کیا تو قاضی ملک ضیاء الدین کے سپرد کیا(۳۳)۔

مسلم دور حکومت میں عدالتی نظام پر تاریخی مآخذ

قطب الدین ایبک نے سلطان شہاب الدین غوری کے انتقال کے بعد 18 ذی قعدہ 1360ھ مطابق 20 جون 1206کو لاہور میں جب اپنی حکمرانی کا اعلان کیا تو اس وقت سے ہندوستان میں باضابطہ مسلم دور حکومت کا آغاز ہوتا ہے(۳۴)۔ مسلمانوں کے عہد کے عدالتی نظام کی باضابطہ صورت گری اسی دور میں ہوئی ہے۔ 1206 سے 1526 تک کی اس دہلی سلطنت میں مسلم حکمرانی کا جو نظم ونسق قائم ہوا، عدالتی نظام اس کا ایک بنیادی حصہ تھا، اور یہ خوشی کی بات ہے کہ تاریخ کے صفحات پر اس نظام کا نقشہ محفوظ ہے۔ اس دور کی معاصر تاریخوں میں صدر الدین حسن نظامی کی تاج المآثر، فخر مدبر کی آداب الحرب والشجاعۃ اور شجرۃ الانساب، قاضی منہاج الدین سراج کی طبقات ناصری، ضیاء الدین برنی کی تاریخ فیروز شاہی، شمس سراج عفیف کی تاریخ فیروز شاہی دستیاب اور پیش نظر ہیں۔ عربی مآخذ میں محمد بن عبداللہ ابن بطوطہ کی عجائب الاسفار اور شہاب الدین ابن فضل اللہ العمری کی مسالک الابصار میں تغلق دور تک کی کچھ تفصیلات فراہم ہیں۔

دہلی سلطنت کے دور میں جو عدالتی نظام قائم ہوا، وہی نظام ہلکے پھلکے رد وبدل کے ساتھ آئندہ بھی جاری رہا۔ چنانچہ جونپور کی شرقی حکومت اور دکن کی بہمنی سلطنت میں اسی نہج پر عدالتی نظام جاری رکھا گیا ۔ دہلی سلطنت کی جگہ پر جب مغلیہ حکومت وجود میں آئی تو بنیادی طور پر یہی نظام اس دور میں بھی جاری رہا۔ لیکن یہ بات ضرور ہے کہ ہر حکمراں کے عہد میں عدالتی نظام پر اس کی ذاتی سوچ اور طرز عمل کی چھاپ قائم ہوئی۔

تقریباً 600 برس کے مسلم دور حکومت میں قائم رہے عدالتی نظام پر شریعت اسلامی کا رنگ کتنا غالب تھا، اور وہ کہاں تک اسلامی شریعت کے مطابق تھا، اس پر گفتگو بعد میں کی جائے گی۔ ذیل کی سطور میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ دہلی سلطنت میں عدالتی نظام کیا تھا۔

اس موضوع پر سابق سطور میں ذکر کردہ مآخذ کے اندر معلومات منتشر طور پر اور واقعات کے ضمن میں بیان ہوئی ہیں۔ ان میں کہیں بھی موضوعاتی طور پر عدالتی نظام پر گفتگو نہیں کی گئی ہے، اور ایسا ممکن بھی نہیں تھا، کیونکہ ان میں مصنفین نے تاریخی ترتیب سے بیان واقعات کا اسلوب اختیار کیا ہے ،اور اسی ضمن میں بعض مواقع پر اپنے مشاہدات اور اپنی معلومات درج کی ہیں۔ ہندوستان کی تاریخ پر لکھنے والے بعد کے مصنفین میں سے متعدد اہل قلم نے انہی سابقہ معلومات کی روشنی میں دہلی سلطنت کے عدالتی نظام کا خاکہ تیار کیا ہے۔ ان تحریروں میں بشیر احمد کی کتاب ’دی ایڈمنسٹریشن آف جسٹس ان میڈیول انڈیا‘اور ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی کی کتاب ’دی ایڈمنسٹریشن آف دی سلطنت آف دہلی‘ اہم ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر واحد حسین نے اپنی کتاب ’دی ایڈمنسٹریشن آف جسٹس ڈیورنگ دی مسلم رول ان انڈیا‘ میں گفتگو کی ہے۔ ان کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ صدیقی نے اپنی کتاب ’برصغیر پاک وہند میں اسلامی نظام عدل گستری‘ میں ان سب پر تجزیاتی گفتگو کی ہے۔ ان کے علاوہ متعدد غیر مسلم مؤرخین نے اس موضوع پر منصفانہ تحریریں لکھی ہے۔ ڈاکٹر صباح الدین عبدالرحمن نے اپنی کتاب ’ہندوستان کے عہد وسطی کی ایک ایک جھلک‘ (۳۵) میں ایسے چند مصنفین کی تحریروں کے اقتباسات یا مختصر حصے عناوین کی ترتیب کے ساتھ جمع کیے ہیں۔ ان میں پروفیسر سری نواس اچاری، پروفیسر سیتا رام کوہلی، جناب سی وی ویدیہ، پروفیسر اشیر بادی لال شریواستو، پروفیسر این بی رائے، پروفیسر کے ایس لال، پروفیسر ایشوری پرشاد، ڈاکٹر ایشور پرشاد ٹوپا،جناب درگا پرشاد، پروفیسر ایس ایم راما سوامی، پروفیسر سری رام شرما، جناب این سی مہتا، جناب اے سی چٹرجی، جناب کے ایم پینکر اور ڈاکٹر تارا چند وغیرہ کی تحریریں شامل ہیں۔

مغلیہ دور میں نظام عدل پر مواد کے لیے معاصر مآخذ میں نظام الدین احمد کی ’طبقات اکبری‘، عبدالقادر بدایونی کی ’منتخب التواریخ‘ اور ابوالفضل کی ’آئین اکبری‘ کے علاوہ محمد قاسم ہندو شاہ کی ’تاریخ فرشتہ‘،خافی خاں کی منتخب اللباب، ڈاکٹر بنارسی پرشاد سکسینہ کی ’تاریخ شاہجہاں‘ اور سید نجیب اشرف ندوی کی ’رقعات عالمگیر‘ سے استفادہ کیا گیا ہے۔ بہمنی دور کی معلومات کے لئے مذکورہ مراجع کے علاوہ عبدالمجید صدیقی کی ’مقدمہ تاریخ دکن‘، ’تاریخ گولکنڈہ‘ اور عبدالجبار ملکا پوری کی ’محبوب الوطن تذکرہ سلاطین دکن‘ وغیرہ پیش نظر ہیں۔

دہلی سلطنت کا نظام عدل

دہلی سلطنت کے نظام عدل کا تفصیلی مطالعہ کرنے سے درج ذیل نکات واضح ہوتے ہیں:

الف:دہلی سلطنت میں عدالتی نظام منظم طریقہ پر قائم تھا، سلطنت کا انتظامی نظم ونسق اس طرح تھا کہ پوری مملکت کو صوبوں میں تقسیم کیا گیا تھا، ایک صوبہ میںکئی سرکار ہوتے تھے اور سرکار میں کئی پرگنہ ہوتے تھے، اور پرگنہ دیہاتوں پر مشتمل تھا۔ عدالتی نظام بھی اسی نہج پر قائم کیا گیا تھا۔یوں تو بادشاہ کی ذات ہی نظام عدل کا مرجع اور آخری نکتہ تھی، لیکن پوری مملکت کے لیے نظام عدل کا سربراہ قاضی القضاۃ یا چیف جسٹس ہوتا تھا، جس کی تقرری بادشاہ کرتا تھا۔ قاضی القضاۃ کی مجلس عدالت ہوتی تھی، جہاں وہ مقدمات سنتا اور نچلی عدالتوں سے آنے والی اپیلوں کی سماعت کرتا تھا۔ پھر ہر صوبہ کے لیے ایک قاضی کی تقرری ہوتی تھی جو صوبہ کی عدالت کا سربراہ ہوتا تھا۔ قاضی صوبہ کی تقرری قاضی القضاۃ کے ذریعہ ہوتی تھی۔ قاضی صوبہ کی معاونت کے لیے مفتی مقرر ہوتے تھے، جو شرعی معاملات میں قاضی کو مشورے دیا کرتے تھے۔ غیر مسلموں کے معاملات میں مشورے دینے کے لیے پنڈت مقرر ہوتے تھے۔ پھر صوبہ کے اندر ہرسرکارکے لیے ایک قاضی مقرر ہوتا تھا۔ قاضی سرکار‘ قاضی صوبہ کے تحت ہوتے تھے جو سرکار کی سطح پر مقدمات کی سماعت اور فیصلے کیا کرتے تھے۔ سرکار کئی پرگنہ پر مشتمل ہوتا تھا، اور ہرپرگنہ کے لئے ایک قاضی کی تقرری ہوتی تھی، قاضی سرکار اور قاضی پرگنہ کی قانونی مدد کے لئے بھی مفتی مقرر ہوتے تھے ۔پھر پرگنہ کئی گاؤں پر مشتمل ہوتا تھا۔ گاؤں کے معاملات کو سابق حالت پر رکھا گیا تھا، وہاں پنچایت کے ذریعہ معاملے حل کر لیے جاتے تھے۔

یہ نظام قضاء کا ایک سادہ اور واضح ڈھانچہ تھا۔ اس میں سب سے اوپر خود بادشاہ کی ذات تھی، اس کے بعد قاضی القضاۃ جسے قاضی ممالک بھی کہتے تھے۔عدالتی نظام میں دارالسلطنت یعنی شہر دہلی کے لیے ایک علاحدہ قاضی ہوا کرتا تھا، اور دارالسلطنت میں ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت زیادہ ہوتی تھی۔

نظام قضاء ہی کا ایک حصہ نظام احتساب بھی تھا، دونوں میں فرق یہ تھا کہ قضا کے تحت قاضی کی عدالت میں مقدمہ پیش ہونے پر معاملہ کی تحقیق اور عدالتی کارروائی کی جاتی تھی، جبکہ نظام احتساب میں اس محکمہ کے ذمہ داران بذات خود ظلم اور دیگر برائیوں پر نظر رکھتے تھے، اور خود جا کر کارروائی کرتے تھے۔

دہلی سلطنت میں نظام قضاء کے پہلو بہ پہلو امور مذہبی کی وزارت کا نظام تھا۔ چنانچہ قاضی القضاۃ کی طرح ایک عہدہ صدرالصدور کا تھا، جسے صدر جہاں بھی کہا جاتا تھا، اس کی بھی تقرری بادشاہ کرتا تھا۔ یہ اہم عہدہ تھا جس کے تحت مذہبی معاملات، عیدین وجمعہ اور علماء وفضلاء کے لیے مدد معاش کی فراہمی کے علاوہ محتسبین کی تقرری بھی ہوتی تھی۔ محتسبین سماج کی برائیوں اور منکرات کی روک تھام اور ان پر سزاؤں کا نفاذ کرتے تھے۔ مرکزی سطح پر اس کے لیے صدر الصدور ہوتا، پھر اس کے ذریعہ ہر صوبہ کے اندر صدر صوبہ مقرر کیا جاتا تھا، جو صوبائی سطح پر مذہبی امور کا سربراہ قرار پاتا تھا۔ صدر الصدور یا صدر جہاں کا عہدہ کبھی قاضی القضاۃ کے عہدہ سے بڑا ہوجاتا تھا، کیونکہ اس کے تحت مذہبی امور اور دیوان مظالم دونوں آ جایا کرتے تھے۔

اسی طرح فوج یا لشکر کے لیے علاحدہ قاضی مقرر ہوتا تھا، چونکہ عام طور پر بڑی بڑی فوج لمبی لمبی مدت کے لیے سفر پر ہوتی تھی تو وہاں کے نزاعی معاملات کے لیے ایک باضابطہ قاضی عسکر مقرر ہوتا تھا۔

نظام عدل کے تحت دیوانی اور فوجداری معاملات سننے کے لیے علاحدہ علاحدہ بھی سربراہ مقرر ہوتے تھے۔ مالی معاملات دیکھنے والوں کو میر عدل اور مقطع کے نام سے بھی ذکر کیا گیا ہے۔

ب۔ دہلی سلطنت کے اس نظام قضاء پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ سلاطین دہلی نے مجموعی طور پر عدل وانصاف کے قیام پر بھرپور توجہ دی تھی۔ مؤرخین اس پر متفق ہیں کہ عدل وانصاف کی فراہمی تمام سلاطین دہلی کی ترجیحات میں رہی ہے۔ معاصر مؤرخین اور سیاحوں نے جس قدر معلومات اس سلسلے میں فراہم کی ہیں، ان سے یہ بات بلاشبہ عیاں ہو جاتی ہے کہ سلاطین دہلی عدل وانصاف کے معاملہ میں بڑے سخت اور بے لاگ واقع ہوئے تھے، چنانچہ عدل کی شمشیر ان مجرموں کی گردن پر بھی بلا تاخیر چل جایا کرتی تھی جو بڑے عہدہ دار اور شاہی خاندان کے عزیز واقارب میں ہوتے تھے۔ اس کی مثالیں آئندہ سطور میں موجود ہیں۔ متعدد مرتبہ خود حکمرانوں اور بادشاہوں کے خلاف بھی مقدمات دائر کیے گئے اور قاضی نے بادشاہ کے خلاف فیصلے صادر کیے۔

ج۔ سلطنت دہلی کے عدالتی نظام میں انصاف کا حصول آسان و سہل تھا۔ مظلوم کو قاضی کی عدالت تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آتی تھی۔ حکمرانوں نے انصاف رسانی کی آسانی کے لیے مختلف طریقے اختیار کر رکھے تھے، مثلاً مظلوم کا رنگین کپڑا پہن کر آنا، شاہی دربار سے جڑی زنجیر بجانا، عام دربار میں شکایات سننا، وغیرہ۔ نچلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیل سننے کا نظام موجود تھا، جو پرگنہ کی عدالت سے سرکار کی عدالت ، پھر صوبہ کی عدالت، پھر قاضی القضاۃ کی عدالت اور آخر میں بادشاہ کی عدالت تک موجود تھا۔ مظلوم بذات خود اپنی شکایت لے کر پہنچتا تھا، اسے کسی وکیل یا کسی ضابطہ کی پابندی نہیں کرنی ہوتی تھی۔ فیصلے بہت جلد ہو جایا کرتے تھے اور سزا کا نفاذ بھی جلد ہی ہو جایا کرتا تھا۔

د۔عدالتی نظام میں قاضیوں کو شریعت کے مطابق فیصلے کرنے ہوتے تھے، اس کے لیے قاضی وہی شخص مقرر ہوتا تھا جو احکام شریعت کا ماہر ہوتا۔ نیز اس کی معاونت کے لیے مفتی مقرر کیے جاتے تھے۔ قاضی القضاۃ کی عدالت اور تمام زیریں عدالتوں میں یہی طریقہ رائج تھا۔ بادشاہ کی عدالت بھی شریعت کے احکام کو پیش نظر رکھتی تھی۔ لیکن ایسی متعدد مثالیں دیکھی جاسکتی ہیں جہاں بغاوت اور سیاسی اختلاف کے معاملات میں یا فساد و انتشار پر قابو پانے کے لیے بادشاہوں نے سخت ترین اور خوفناک سزائیں جاری کیں۔ سزاؤں کی یہ سنگینی اس دور کے رائج تصورات کے مطابق تھی، لیکن اس سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے تھے اور نہ وہ شریعت کے مطابق کہی جا سکتی تھیں۔

ہ۔ دہلی سلطنت کا عدالتی نظام مجموعی طور پر شریعت کا پابند تھا۔ یہاں فقہ حنفی رائج ہونے کی وجہ سے اسی مسلک کے مطابق فیصلے ہوتے تھے۔ بادشاہ کی سطح پر شریعت کے احکام کی پابندی کے ساتھ متعدد مواقع پر شریعت کی خلاف ورزی بھی پائی گئی تھی۔ پھر لوگوں کے معاملات کے فیصلے تو شریعت کے مطابق کیے جاتے تھے، لیکن حکومت کا نظام اور مالی معاملات ہمیشہ اور مکمل طور پر شرعی احکام کے مطابق نہیں جاری ہوئے تھے۔ کئی سلاطین دہلی جیسے بلبن اور علاء الدین خلجی نے اس خلاف ورزی کو ملکی مصالح کا تقاضا قرار دے رکھا تھا۔ ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی کا تبصرہ سید صباح الدین عبدالرحمن نے نقل کیا ہے:

’’یہ نہیں کہا جا سکتا کہ سلاطین دہلی نے شرع کا اقتدار اعلیٰ تسلیم نہیں کیا، اور ان کے زمانہ میں شرع محض ایک افسانہ بن کر رہا۔ انہوں نے اپنی عام روش میں شریعت کا لحاظ ضرور رکھا، کچھ ایسے سلاطین ضرور ہوئے جنہوں نے شریعت کی خلاف ورزی کی، لیکن بہت سے ایسے سلاطین بھی ہوئے جنہوں نے شرعی قوانین کے سامنے سر تسلیم خم کیا۔ ظلم وتعدی کی صورت میں شرعی قوانین کا لحاظ ضرور کیا جاتا تھا‘‘۔

ڈاکٹر قریشی مزید کہتے ہیں:

’’سلطان کو قانون سازی کا اختیار بہت ہی کم تھا۔ وہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے ذاتی اور مذہبی قوانین میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکتا تھا، اور اگر کرتا تو اس زمانے کے لوگ اپنی جانیں دے کر اس کی مخالفت کرتے، اس معاملہ میں سلاطین کو اپنی مجبوری اور بے بسی کا پورا احساس تھا‘‘(۳۶)۔

و۔ قاضی القضاۃ اور دیگر قاضیوں کی منصب سے معزولی بھی ہوا کرتی تھی، چنانچہ قاضی عماد الدین شفورقانی کو بعض الزامات کے تحت منصب قاضی القضاۃ سے معزول کردیا گیا تھا، قاضی شمس الدین مہر کو بھی منصب سے ہٹایا گیا تھا۔ معز الدین بہرام شاہ نے قاضی شمس الدین پر سزا نافذ کی تھی(۳۷)اسی طرح التمش نے شیخ الاسلام نجم الدین صغری کو‘ اور ناصر الدین محمود نے شیخ الاسلام سید قطب الدین اور قاضی شمس الدین بہرائچی کو معزول کردیا تھا۔

ز۔ دہلی سلطنت کے نظم ونسق کے ضمن میں نظام عدل پرڈاکٹر عبد الحفیظ صدیقی نے مختلف حوالوں سے لکھا ہے کہ:

’’مرکزی حکومت کی تشکیل عباسی حکومت کے نمونہ پر تھی، دیوان مظالم، احتساب اور مختلف درجے کی عدالتیں قائم کی گئیں اور عدالتوں کے اختیارات اور فرائض متعین ہوئے … قاضی ممالک محکمہ عدلیہ کا چیف جسٹس تھا، جو شرع کی پابندی کرواتا تھا، قاضی ممالک فصل خصومات کے علاوہ صدر الصدور کا بھی کام کرتا تھا‘‘۔

’’… امیر داد قاضیوں کے فیصلوں کی تعمیل کرواتا تھا اور ملزمین اور مجرموں کو قاضی کے سامنے پیش کرتا تھا، جب بادشاہ مرکز میں نہ ہوتے تو بھی امیر داد عدالت مظالم میں مقدموں کی سماعت کرتا تھا … محتسب ملک کے اخلاق عامہ کی نگہداشت کے لئے مامور تھا۔ اشیاء کے نرخ اور منڈیوں کی نگرانی بھی محتسب کے سپرد تھی‘‘(۳۸)۔

وہ لکھتے ہیں:

’’یہ ایک حقیقت ہے کہ سلاطین دہلی نے انصاف کی خاطر ایک منظم عدلیہ قائم کیا تھا اور عدالتوں میں کھلی تحقیقات ہوتی تھیں… سلاطین اپنے مشورے کے لئے مفتیوں کو دربار میں جگہ دیتے تھے اور ماہرین قانون سلاطین کو صحیح اصول اور قوانین سے واقف کراتے تھے۔ سلطان محمد تغلق نے اپنے محل میں چار مفتیوں کو مامور کیا تھا جن کے مشورے سے وہ فصل خصومات کرتا تھا، … سلاطین دہلی نے بھی اپنے آپ کو قانون ملک اور عدالتوں کا بالکل پابند سمجھا، اگر کسی نے اس سے رو گردانی کی تو یہ بہت ناپسندیدہ حرکت سمجھی گئی…۔ عدالتوں کو فصل خصومات میں آزادی حاصل تھی(۳۹)۔

ح۔پروفیسر ایشوری پرشاد الٰہ آباد یونیورسٹی نے عہد سلطنت کے عہدوں کے بارے میں لکھا ہے کہ :

’’ قاضی القضاہ عدل وانصاف کا سب سے بڑا عہدہ دار تھا۔میر داد یا امیر داد قاضی کے سامنے بڑے سے بڑے ملزم امراء کو لا کر حاضر کر دیتا۔شیخ الاسلام مذہبی امور کا نگراں ہوتا۔عدل اور پولیس کے محکموں میں حسب ذیل عہدہ دار تھے: قاضی القضاۃ یا صدر جہاں، قاضی، مفتی، میر داد، نائب قاضی، مفتی دیوان سیاست، کوتوال، محتسب، حاکم اور منہی یعنی جاسوس‘‘(۴۰)۔

ط۔ سلاطین دہلی کے نظام عدل کا جامع خاکہ جناب بشیر احمد کے حوالہ سے ڈاکٹر صباح الدین نے درج ذیل نقل کیا ہے :

’’محکمہ قضاء مرکز، صوبوں (اقطاع) سرکار اور لشکر میں قائم تھا۔ مرکز میں اس محکمہ کی حسب ذیل عدالتیں تھیں:

(1) دیوان مظالم، اس میں فوجداری کے مقدمات کی اپیل ہوا کرتی تھی، یہ صدر جہاں کے ماتحت ہوتا۔

(2) دیوان سیاست، اس میں دیوانی کے مقدمات کی اپیل ہوتی، یہ بھی صدر جہاں کے ماتحت تھا،

(3) شاہی دربار جس میں سلطان خود تمام مقدمات کی سماعت کرتا،

(4) قاضی القضاۃ کی عدالت۔

(5) صدر جہاں کی عدالت‘ جس میں مذہبی امور کے جھگڑے طے کئے جاتے۔

(6) دیوان سیاست ایک عارضی عدالت تھی جس کو محمد تغلق نے فوجداری مقدمات کی سماعت کے لئے قائم کیا تھا۔

سلطان دیوان مظالم اور دیوان سیاست کا صدر ہوتا، مگر ان دونوں عدالتوں میں جا کر بہت کم بیٹھتا، وہ اپنے دربار میں جب عدل وانصاف کے لئے عدالت کرتا تو نئے اور اپیل کے مقدمات دونوں کی سماعت کرتا، اس کے معاون دو مفتی ہوتے جو اس دور کے ممتاز فقیہ ہوتے۔

1206ء سے 1248ء تک قاضی القضاۃ ہی محکمہ عدل وانصاف کا نگراں اعلیٰ ہوتاتھا، 1248ء میں سلطان ناصر الدین نے صدر جہاں کا ایک نیا عہدہ قائم کیا جو قاضی القضاۃ سے اونچا عہدہ سمجھا جاتاتھا، سلطان ناصرالدین ہی نے دیوان مظالم قائم کیا، اور اس کا صدر‘ صدر جہاں کو بنایا، وہ مذہبی امور کا بھی نگراں اعلیٰ ہوتا، وہ قاضیوں کا بھی تقرر کرتا۔ سلطان علاء الدین نے قاضی القضاۃ اور صدر جہاں دونوں عہدوں کو ایک ہی آدمی کے سپرد کیا، لیکن فیروز تغلق کے عہد میں پھر یہ علاحدہ کر دیا گیا…۔

صوبہ میں صدر جہاں کا نائب‘ صدر صوبہ، اور سرکار میں‘ صدر سرکار کہلاتا، … قاضی القضاۃ دیوان مظالم یا دیوان سیاست میں ان تمام مقدمات کی اپیل سنتا جو صوبوں اور سرکاروں سے آتے۔ اس کے معاون کچھ قاضی بھی ہوتے۔ قاضی القضاۃ شیخ الاسلام سے علاحدہ عہدہ تھا، شیخ الاسلام کا کوئی باضابطہ عہدہ نہ تھا، قاضی القضاۃ متقی ترین افراد میں سے منتخب کیا جاتا، … سلطان اس کو معزول اور بر طرف کر سکتا تھا … وہ اپنے فیصلوں میں بڑے آزاد ہوتے، سلطان جلال الدین خلجی نے قاضی جلال الدین پر بغاوت کا الزام رکھ کر اس کو موت کی سزا دینی چاہی، لیکن قاضی القضاۃ نے اس کو بری کر دیا۔ محمد تغلق نے ایک بار قاضی القضاۃ کی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا، لیکن قاضی القضاۃ کا رنگ دیکھ کر مقدمہ واپس لے لیا … قاضی القضاۃ کی عدالت میں مفتی، پنڈت، محتسب اور داد بک بھی ہوتے، مفتی مذہبی فتاوے دیا کرتے جن کی مدد سے قاضی القضاۃ مقدمے فیصل کرتا تھا … ہندوؤں کے مذہبی قوانین بتانے کے لئے برہمن مقرر کئے جاتے جو پنڈت کہلاتے، اس کی وہی پوزیشن ہوتی جو مفتی کی تھی۔ محتسب اخلاق عامہ کا نگراں ہوتا، اور اس سلسلہ کے مقدمے اسی کے ذریعہ قاضی القضاۃ کے یہاں پیش کئے جاتے۔

… صوبہ کا قاضی صوبہ کے ناظم کے بعد سب سے زیادہ معزز ہوتا۔ اس کے فیصلے کی اپیل ناظم کے یہاں ہوتی، وہ اس کی بھی نگرانی کرتا کہ جہاں جہاں قاضی متعین ہیں وہ اپنے فرائض پوری کار کار کردگی سے انجام دے رہے ہیں۔ قاضی صوبہ ترقی کر کے قاضی القضاۃ بن سکتا تھا۔ اس کی اعانت کے لئے بھی مفتی، پنڈت، محتسب اور داد بک ہوتے … صدر صوبہ صدر جہاں کا نمائندہ ہوتا اور وہ مذہبی امور کی نگرانی کرتا، وہ قاضی صوبہ کے ساتھ عدالت میں بیٹھتا، اور مذہبی اور تعلیمی امور، اوقاف اور وظائف کے قضیے کے سلسلہ میں اپنے فیصلے دیتا۔ یہ تمام امور قاضی کے حدود واختیارات سے باہر ہوتے …۔

سرکار کے قاضی کا تقرر صدر جہاں قاضی صوبہ کی سفارش یا خود آزادانہ طور پر کرتا … اس کے یہاں مفتی، پنڈت، محتسب اور داد بک … ہوتے۔ پرگنوں میں قاضی پرگنہ ہوتے۔ … گاؤں میں پنچایت تھی، پنچایت کا سرپنچ … مقامی مقدمات کی سماعت کرتا …۔

سکندر لودی نے میر عدل کا ایک نیا عہدہ قائم کیا تھا، اس کو قاضی کی طرح تمام اختیارات نہ تھے۔ وہ دیوانی کے مقدمات کی سماعت کرتا تھا۔ لشکر کا قاضی قاضی عسکر کہلاتا تھا‘‘(۴۱)۔

دہلی سلطنت کے تحت قاضی القضاۃ کے منصب پر بالترتیب فائز ہونے والو ں کی فہرست بشیر احمد کے مطابق درج ذیل ہے:

۱۔ قاضی وجیہ الدین کاشانی ۲۔ قاضی ناصر الدین

۳۔ قاضی اختیار الدین ۴۔ قاضی ملک ضیاء الدین محمد جنیدی

۵۔ قاضی جلال الدین کاشانی(پہلی مرتبہ) ۶۔قاضی شمس الدین مہر

۷۔ قاضی منہا ج السراج(پہلی مرتبہ) ۸۔قاضی عماد الدین شفورقانی

۹۔ قاضی جلال الدین کاشانی(دوسری مرتبہ) ۱۰۔ قاضی منہاج السراج(دوسری مرتبہ)

۱۱۔قاضی شمس الدین بہرائچی ۱۲۔ قاضی منہا ج السراج (تیسری مرتبہ)

۱۳۔قاضی ملک نظام الدین ۱۴۔ قاضی مغیث الدین بیانہ

۱۵۔ قاضی حمید الدین ملتانی ۱۶۔قاضی ضیاء الدین قاضی خاں

۱۷۔ قاضی صدر ا لدین ۱۸۔قاضی کمال الدین

۱۹۔ قاضی جلال الدین کرمینی(۴۲)۔

ی۔مذکورہ بالا یہ تفصیل دہلی سلطنت کے اندر عدالتی نظام کی مجموعی اور اجمالی تصویر تھی۔ مختلف سلاطین کے عہد میں تھوڑے بہت فرق کے ساتھ اسی نظام کو جاری رکھا گیا تھا۔ اب آئیے ذیل کی سطور میں ہم دیکھتے ہیں کہ سلاطین دہلی کے زمانہ میں عہد بہ عہدنظام عدل کی کیا صورتحال تھی۔

سلاطین دہلی کے زمانہ میں نظام عدل کی عہد بہ عہد صورت حال

1۔ قطب الدین ایبک پہلا بادشاہ ہے جس نے دہلی سلطنت کی بنیاد رکھی، اسے صرف چار برس حکومت کرنے کا موقع ملا۔ تاج المآثر کے مصنف حسن نظامی نیشاپوری نے ایبک کے انصاف کی تعریف کی ہے(۴۳)۔ خلیق احمد نظامی کہتے ہیں کہ مؤرخین نے سلطان کے تین اوصاف کا ذکر خاص طور پر کیا ہے: عدل، شجاعت اور سخاوت، اور اس سلسلہ میں جب اس کی خوبیوں کو گنایا ہے تو ان کا ذہن بے اختیار خلفائے راشدین کی طرف منتقل ہو گیا ہے … مظلوموں کی دادرسی اور انصاف کا قیام اس نے اپنا فرض منصبی بنایا تھا اور عدل نوازی کی بہترین روایت قائم کر دی۔ اس کے لشکر میں مختلف نسلوں اور مذہبوں کے لوگ تھے، لیکن کسی کو مجال نہ تھی کہ کسی پر ظلم کرے یا آبادی میں سے کسی کے گھر یا جنگل سے کسی کا کوئی سامان اٹھا لے۔اس نے ہندو سماج کے چھوٹے طبقے کے لوگوں کو شہر میںرہنے کی عزت دی، اور قانون کی نظر میں سزا کے لیے چھوٹے بڑے کا امتیاز ختم کر دیا۔ اسی طرح اس نے لاہور میں رائج بہت سے غیر شرعی ٹیکس کو ختم کر دیا اور حکم دیا کہ مسلمانوں سے صرف شرعی ٹیکس وصول کیا جائے(۴۴)۔

2۔ شمس الدین التمش اسلامی ہند کا پہلا خود مختار باشاہ ہے، اس نے 25 برس تک نہایت شان وشوکت کے ساتھ ہندوستان پر حکومت کی۔ 1210 ء میں تخت پر بیٹھ کر اس نے عدل پروری کی اس روش کو مزید مضبوط بنایا۔ اس نے اپنے محل کے ساتھ زنجیر لٹکا دی تھی اور اعلان کر دیا تھا کہ جو مظلوم ہو وہ رنگین کپڑا پہن کر آئے، تاکہ دور سے پہچان لیا جائے(۴۵)۔ سید نور الدین مبارک غزنوی خلیفہ شیخ شہاب الدین سہروردی کو اس نے دہلی کا شیخ الاسلام مقرر کیا تھا، انہوں نے اپنے وعظ میں داد دہی اور انصاف شناسی کے لیے پوری جدوجہد اور ظلم وتعدی سے مملکت کو بالکل پاک کر دینے کی ترغیب دلائی تھی(۴۶) ۔ التمش نے بے لاگ عدل وانصاف کے قیام میں کوتاہی نہیں کی، اس کے دور میں قاضی حمید الدین ناگوری کے مسئلہ سماع پر اور اسی طرح دہلی کے شیخ الاسلام نجم الدین صغری کی جانب سے شیخ جلال الدین تبریزی پر لگائے گئے اتہام پر محضر طلب کیا گیا اور انصاف کی کسوٹی پر مسئلہ حل کیا گیا(۴۷)۔ اور اس کے بعد نجم الدین صغریٰ کو شیخ الاسلام کے منصب سے معزول کر دیا گیا(۴۸)۔

مشہور سیاح ابن بطوطہ نے لکھا ہے کہ اس کے عہد میں قاضی وجیہ الدین کاشانی قاضی القضاۃ تھے(۴۹)۔ قاضی منہاج نے لکھا ہے کہ گو الیار کی فتح کے بعد التمش نے منہاج کو قاضی اور تمام امور شرعی کی دیکھ بھال کا ذمہ دار بنایا، اور ضیاء الدین محمد جنیدی کو امیر داد کا منصب عطا کیا(۵۰)۔

رضیہ بنت التمش کے بارے میں قاضی منہاج نے لکھا ہے کہ وہ برابر عدل پر کاربند رہی(۵۱)۔ سلطان رضیہ نے گوالیار کا منصب قضاء قاضی منہاج کے حوالے کیا تھا(۵۲)۔پھر سلطان معزالدین بہرام نے شہر دہلی اور تمام ممالک کا عہدہ قضاء‘ قاضی منہاج کو عطا کیا(۵۳)۔ سید قطب الدین اس وقت شیخ الاسلام تھے(۵۴)۔ پھر سلطان علاء الدین مسعود شاہ نے قاضی منہاج کی جگہ قاضی عماد الدین اشفورقانی کو قاضی ممالک بنادیا،(۵۵)قاضی جلال الدین کاشانی اس وقت قاضی اودھ تھے(۵۶)۔ قاضی منہاج لکھتے ہیں کہ سلطان ناصر الدین محمود کے زمانہ میں قاضی عماد الدین اشفورقانی کو قاضی القضاۃ کے منصب سے کسی الزام کے تحت معزول کر دیا گیا(۵۷) ، اور اودھ سے قاضی جلال الدین کاشانی کوبلاکر ان کی جگہ قاضی ممالک بنایا گیا(۵۸)۔ لیکن بہت جلد ذی قعدہ 648 ہجری میں ان کی وفات ہو گئی(۵۹)۔ 651ھ میں سلطنت کا منصب قضاء قاضی شمس الدین بہرائچی کے حوالہ کیا گیا(۶۰)۔ چار سال بعد 655ھ میں کسی سازش میں ملوث ہونے کی وجہ سے شیخ الاسلام سید قطب الدین اور قاضی شمس الدین بہرائچی کو عہدوں سے ہٹادیا گیا(۶۱)۔

قاضی منہاج سراج نے ملک سیف الدین ارکلی دادبک کے بارے میں تفصیل ذکر کی ہے، وہ تحریر کرتا ہے:

’’اٹھارہ سال سے فریاد رسی کی مسند اور عدل گستری کی گدی پوری شان وشوکت سے زیب وزینت پائے ہوئے ہے، تمام اوقات میں عدل وانصاف کا طریق پیش نظر رکھتا ہے اور احکام شریعت کی اطاعت وفرمانبرداری کا یہ عالم ہے کہ کتاب وسنت میں جو کچھ آ چکا ہے اس پر ایک حرف نہیں بڑھایا گیا۔ طبقات کا راقم منہاج سراج بادشاہوں کے بادشاہ ناصر الدنیا والدین کے فرمان کے مطابق دو مرتبہ قریباً آٹھ سال تک اسی عادل امیرداد کے ساتھ مسند پر بیٹھا اور دہلی کے مقدمات میں اس بزرگ کے تمام افعال اور اشارے عین دین وسنت کے مطابق دیکھے۔ یہ اس کی شان تادیب اور شوکت عدل کا نتیجہ ہے کہ اطراف دہلی کے سرکشوں، فسادیوں اور رہزنوں نے ظلم وجور کا ہاتھ ترک وسکون کی آستین میں کھینچ لیا ہے، اور خوف وہراس کے گوشے میں چپ چاپ بیٹھے ہیں۔ جب سے امیرداد کا نام سلطان شمس الدین التمش کی بارگاہ جہاں پناہ کی غلام دولت میں لکھا گیا‘ اس وقت سے وہ برابر معزز ومحترم چلا آرہا ہے، جو بھی خطہ یا جاگیر یا ولایت اس کے حوالے ہوئی‘ اس کے عدل ودانش کی بدولت وہاں آبادی کی رونق اور خوشحالی بڑھ گئی، عام رعایا کو آسودگی حاصل ہوئی، لوگ ظلم وجور سے بالکل محفوظ ہوگئے۔ جب سے اسے مرکز دہلی (یعنی پوری سلطنت) کا امیرداد بنایا گیا اس نے عام رسومات میں سے دس گیارہ فیصدحصہ لینے سے انکار کر دیا، جو اس سے پہلے کے امیر داد لیتے رہے تھے ۔اس رقم سے کوئی تعلق نہ رکھا اور اسے وہ جائز بھی نہیں سمجھتا تھا‘‘(۶۲)۔

منہاج آگے لکھتا ہے:

’’سلطان معز الدین بہرام شاہ کے زمانہ میں اسے کڑہ کا امیر داد (جج) مقرر کیا گیا، جب سلطان علاء الدین تخت نشین ہوا تو سیف الدین ارکلی کو 640 ہجری میں سلطنت کا امیر داد (چیف جسٹس) مقرر کر دیا گیا۔ امیرداد کی جاگیر اور مسند اس کے سپرد ہوئی‘‘(۶۳)۔

وہ مزید لکھتا ہے:

’’ جمادی الاخری 648 ہجری میں جب قاضی القضاۃ جلال الدین کاشانی علیہ الرحمہ جیسے یگانہ عصر عالم کی زندگی کے دن ختم ہوگئے، وہ سلطنت ہند کا قاضی تھا، تو الغ خان کے حسن توجہ سے منہاج سراج کو جمادی الاولی 649 ہجری میں دوسری مرتبہ سلطنت کے عہدہ قضاء پر مامور کیا گیا‘‘(۶۴)۔

کچھ ہی عرصہ بعد جب عماد الدین ریحان وکیل در بنا تو رجب 651 ہجری میں سلطنت کا عہدہ قضاء منہاج سراج سے لے کر قاضی شمس الدین بہرائچی کے حوالے کر دیا گیا(۶۵)۔ لیکن پھر حالات تبدیل ہوئے اور الغ خان کے عروج کے ساتھ ربیع الاول 653 ہجری میں تیسری مرتبہ سلطنت اور مرکز حکومت کا عہدہ قضاء منہاج سراج کے حوالے ہوا(۶۶)۔

3۔ بلبن کا دور عہد سلطنت میں ممتاز رہا ہے۔ ناصر الدین محمود کے زمانہ میں وہ 20 برس وزیراعظم رہا، پھر اس کے انتقال کے بعد 20 برس خود بادشاہت کی۔ برنی نے بلبن کے عہد کو خیرالاعصار کہا ہے(۶۷)۔ ’’ اس کے زمانہ میں دہلی اسلامی دنیا کی امیدوں کا مرکز بن گئی اور سلطان کی سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیت اور دینی دلچسپیوں کا شہرہ دور دور پھیل گیا‘‘(۶۸)۔

بلبن کے زمانے میں عدل گستری کا وہی نظام قائم رہا۔ بلبن بذات خود عدل کے قیام میں بہت سخت تھا، عدل وانصاف کے تئیں بلبن کا نقطہ نظر اس نصیحت میں دیکھا جا سکتا ہے جو اس نے اپنی اولاد کے لئے کی تھی۔ برنی کے حوالہ سے خلیق نظامی نے اسے نقل کیا ہے: ’’داد دہی اور انصاف ستانی میں میں کسی کی رو رعایت نہیں کرتا، تم جو میرے فرزند و اقرباء ہو، یہ بات کان کھول کر سن لو کہ اگر مجھے یہ معلوم ہو جائے کہ تم نے کسی بے بس پر ظلم کیا ہے تو میں تم کو اس کی سزا دوں گا۔ …تمہاری مجھ سے نزدیکی یا رشتہ داری کا پاس مجھے انصاف کرنے سے نہیں روکے گا‘‘(۶۹)۔

خلیق نظامی لکھتے ہیں:

’’وہ انصاف کے معاملہ میں کسی رشتہ یا منصب کا مطلق کوئی خیال نہیں کرتا تھا… وہ مظلوموں اور عاجزوں کے ساتھ ماں اور باپ کا سا مشفقانہ برتاؤ کرتا تھا، اس نے اپنی انصاف پسندی سے غریبوں کے دل میں اعتماد پیدا کر دیا تھا اور کسی طاقتور کو یہ ہمت نہ ہوتی تھی کہ کمزور پر ظلم کا تصور بھی کر سکے‘‘(۷۰)

لیکن اس کے ساتھ ہی شریعت کے معاملہ میں اس کا اصول یہ تھا کہ جہاں تک شرعی اصول ضروریات ملکی سے نہیں ٹکراتے وہ ان کا پورا احترام کرتا تھا، لیکن جہاں صورت حال مختلف ہوتی تھی وہاں اس کا عمل بھی مختلف ہوتا تھا(۷۱)۔ چنانچہ برنی کے مطابق وہ باغیوں کے قتل کرنے اور بغاوت کو فرو کرنے میں بڑے قہر اور جبر سے کام لیتا تھا(۷۲)۔ وہ انصاف کے معاملہ کسی رشتہ یا منصب کا مطلق کوئی خیال نہیں کرتا تھا ۔بلبن کے ایک نہایت قابل اعتماد گورنر بدایوں نے جب نشہ کی حالت میں ایک ملازم کو کوڑے مار کر ہلاک کر دیا تو مقتول کی بیوہ کی فریاد پر بلبن نے اس گورنر کو کوڑے مار مار کر ہلاک کرا دیا، اور اس جاسوس کو بھی عوام کے سامنے پھانسی دے دی جس نے واقعہ کی اطلاع بلبن کو نہیں دی تھی(۷۳)۔

غیاث الدین تغلق کے بارے میں نظام الدین احمد بخشی نے طبقات اکبری میں لکھاہے:

’’سلطان غیاث میںتمام اوصاف حمیدہ موجود تھے، عدل وانصاف کے معاملہ میں تمام سلاطین سابق میں کوئی بھی اس کا ہمسر نہیں گزرا ہے‘‘(۷۴)۔

4۔ علاء الدین خلجی کا دور دہلی سلطنت میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ علاء الدین سے قبل جلال الدین خلجی کے مختصر دور میں دہلی سلطنت کا نظام عدل مستحکم طریقہ پر جاری رہا۔ خلیق احمد نظامی لکھتے ہیں:

’’جلال الدین خلجی میں احترام شرع کا جذبہ ایک حد تک کافی گہرا تھا۔ بعض اوقات نہایت صفائی سے اس کا اظہار بھی کر دیتا تھا۔ باغیوںاور مشرکوں کوسزائے موت دینے میں اس کو اس لیے تامل ہوتا تھا کہ ہمارے پیغمبر کی شریعت میں سوائے قاتل، مرتد اور شادی شدہ زانی کے اور کسی کو قتل کرنا نہیں آیا ہے‘‘۔(۷۵)

نظام الدین بخشی بتاتا ہے کہ علاء الدین خلجی کا دور سلطنت کی وسعت واستحکام، معاشی خوشحالی، روحانی ماحول اور عدل گستری ان سب اعتبار سے سابقہ ادوار سے بہت ممتاز ہے(۷۶) ۔برنی کے بقول سب سے زیادہ مشائخ وفضلاء اسی دور میں رہے ہیں(۷۷)۔ نظام الدین بخشی نے اس دور کے 46 کبار علماء کی فہرست درج کی ہے (۷۸) ۔

برنی نے عہد علائی کے دہلی کو ’’رشک بغداد، غیرت مصر، ہمسر قسطنطنیہ، موازی بیت المقدس‘‘ قرار دیا ہے(۷۹) علاء الدین کی زندگی کا یہ واقعہ بہت اہم ہے کہ اس نے قاضی مغیث سے اپنے نظام حکومت، شاہی اخراجات اور حرم کی زندگی کی بابت شرعی حیثیت سے سخت تنقید سننے کے بعد بھی انھیں خلعت سے نوازا اور ان کی حق گوئی کی تعریف کی‘‘(۸۰)۔

مصر کے مشہور محدث اور عالم مولانا شمس الدین ترک علاء الدین خلجی کے نام رسالہ لکھ کر دہلی سے واپس چلے گئے تھے۔ اس رسالہ میں بادشاہ پر ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ علاء الدین نے حمید ملتانی جیسے دنیا دار شخص کو قضاء کا نازک کام سونپ رکھا ہے(۸۱)۔

علاء الدین نے شراب نوشی ومے فروشی پر سخت پابندی لگا دی تھی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کو خوفناک اور سخت ترین سزائیں دیتا تھا(۸۲)اس نے اشیاء خوردنی کی بڑھتی قیمت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھی سخت تدابیر اختیار کی تھیں جن کے نتیجہ میں اشیاء ارزاں ہو گئی تھیں(۸۳)

سزاؤں کے معاملہ میں علاء الدین نے شرعی احکام کی پابندی نہیں کی، وہ سزا کو صرف مجرم تک ہی محدود نہیں رکھتا تھا، بلکہ پورے خاندان کو تہہ تیغ کرا دیا کرتا تھا، جو شریعت اسلامیہ کے بالکل منافی ہے۔ ’’وہ کبھی کہا کرتا تھا کہ سلطنت کے احکام وضوابط بادشاہوں سے متعلق ہیں، اس میںشریعت کا کوئی دخل نہیں ہے‘‘(۸۴)۔

علاء الدین کے دور میں خواجہ ضیاء الدین سنامی کے سپرد احتساب کا کام تھا(۸۵)۔ علاء الدین نے قاضی صدر الدین عارف کو صدر جہاں کے ساتھ قاضی ممالک کے عہدہ پر بھی فائز کیاتھا(۸۶)۔ان کے بعد قاضی جلال الدین ولوالجی قاضی ممالک ہوئے، اور میانہ کے مولانا ضیاء الدین صدر جہاں ہوئے۔ سلطان علاء الدین کے آخری زمانے میں قضائے ممالک کا عہدہ‘ ملک التجار حمید الدین ملتانی کو دیا گیا تھا(۸۷)۔ سید تاج الدین اودھ کے قاضی رہے، پھر بدایوں کے قاضی بنائے گئے، ان کے بھائی سید رکن الدین کڑہ کے قاضی تھے(۸۸)۔

5۔ محمد بن تغلق ’تاریخ ہند کے عظیم المرتبت سلاطین میں شمار کیا جاتا ہے۔ محمد بن تغلق کی شخصیت مختلف خوبیوں اور صلاحیتوں کا مجموعہ تھی، وہ بڑا عالم وفاضل اور مختلف علوم وفنون پر دستگاہ رکھنے والا شخص تھا، اس کی زندگی صاف وپاک تھی، وہ فرائض کا پابند اور قرآن کا حافظ تھا، فقہ کی کتاب ہدایہ اسے زبانی یاد تھی، وہ عقلیت کا دلدادہ اور تصوف سے بیزار تھا۔ اسلام اور اسلامی تہذیب وتمدن کی اشاعت کے جذبہ سے اس نے دہلی کی مسلم آبادی کو دکن کے علاقہ دولت آباد (دیوگیر) بھیج دیا تھا(۸۹)۔ اس نے دہلی کے علاوہ دوسرے علاقوں جیسے کشمیر اور گجرات سے بھی علماء کو دکن بھیجا تھا۔

اس کی فیاضی اور اہل علم وفضلاء کی قدردانی کے حیرت انگیز واقعات نقل کیے گئے ہیں(۹۰)۔ اس نے عوام کی تعلیم اور اعلی تعلیم کے اداروں کے قیام میں بہت دلچسپی لی تھی۔ صبح الاعشیٰ فی قوانین الانشاء کے مصنف علامہ قلقشندی کے مطابق اس کے دسترخوان پر 200 فقیہ ہوتے تھے، اور اس کے عہد میں صرف دہلی میں ایک ہزار مدرسے تھے(۹۱)۔

صاحب مسالک الابصار ابن فضل اللہ العمری نے لکھا ہے کہ اس نے گداگری پر روک لگا دی تھی اور محتاجوں کے لیے وظیفے مقرر کر دیے تھے۔ روزانہ چالیس ہزار فقیروں کووہ اپنے دسترخوان پر کھانا کھلاتا تھا۔ البتہ اس کے عہد میں خانقاہی نظام کو زوال ہو(۹۲)۔ ابن العمری نے لکھا ہے کہ دہلی میں شراب نہیں ملتی ہے، نہ اعلانیہ نہ خفیہ، کیونکہ سلطان نے اس پر سخت بندش عائد کر رکھی ہے(۹۳)۔

محمدبن تغلق کے طریقہ عدل گستری کی بابت ابن بطوطہ نے عجائب الاسفار میں لکھا ہے:

’’سنہ 41 ء میں سلطان نے اپنے ملک سے ٹیکس ختم کرنے کا حکم دیا، اور یہ کہ لوگوں سے صرف زکوٰۃ اور عشر لیا جائے، وہ بذات خود مظالم کے معاملات دیکھنے کے لیے ہر دو شنبہ اور جمعرات کو کھلے دربار میں بیٹھنے لگا۔ اس وقت اس کے سامنے صرف امیر حاجب، خاص حاجب، سید الحجاب اور شرف الحجاب کو ہی بیٹھنے کی اجازت تھی، اور کسی بھی فرد کو سلطان کے سامنے شکایت پیش کرنے سے نہیں روکا جا سکتا تھا۔ دربار کے چاروں دروازوں پر اس نے چار بڑے امراء کو متعین کر دیا تھا، جو لوگوں کی شکایات وصول کرتے تھے۔ ان میں چوتھا امیر اس کا چچا زاد بھائی فیروز خان تھا۔ اگر پہلے دروازہ کے امیر نے اس کی شکایت حل کر لی تو بہتر، ورنہ دوسرا امیر یا تیسرا امیر یا چوتھا امیر شکایت حل کر تا۔ اگر ان سب نے شکایت حل نہ کی تو شکایت کنندہ صدر جہاں قاضی ممالک کے پاس پہنچ جاتا۔ اگر اس نے شکایت حل کر لی تو ٹھیک، ورنہ وہ سیدھے سلطان کے پاس پہنچ جاتا، اور اگر سلطان کو تحقیق ہو جاتی کہ ان لوگوں نے اس کی شکایت پر کارروائی نہیں کی ہے تو ان کو سزا دی جاتی تھی۔ اس طرح تمام جمع ہونے والی شکایات کو عشاء کے بعد سلطان دیکھتا تھا‘‘(۹۴)۔

ملا عبد القادر بدایونی نے لکھا ہے کہ:

’’اس کی عدالت میں چار مفتی علاحدہ علاحدہ تھے‘‘(۹۵) ۔ شہاب الدین ابن العمری نے لکھا ہے کہ دہلی کے ایک بڑے امیر کے بارے میں اسے پتہ چلا کہ وہ شراب نہیں چھوڑ رہا ہے تو سلطان نے اس پر بے انتہاء غصہ کیا اور اس کی ساری دولت پر قبضہ کر لیا(۹۶)۔

قلقشندی نے لکھا ہے کہ سلطان محمد بن تغلق منگل کے دن دربار عام کرتا ہے، اور اعلان ہوتا ہے کہ جس کی کوئی شکایت یا کوئی ضرورت ہو وہ پیش کرے، تو شکایت کنندہ اور ضرورت مند سلطان کے سامنے آتے، ان میں سے کسی کو روکا نہیں جا سکتا ہے، سلطان بذات خود ان کے معاملہ کو دیکھتا ہے(۹۷)

ابن العمری نے لکھا ہے کہ:

’’اس سلطان کی ہیبت سے لوگ کانپتے ہیں، اور شاہی جلوس چلتا ہے تو زمین لرزتی ہے، وہ اپنی مملکت کے امور پر پوری توجہ رکھتا ہے‘‘، ’’وھو یجلس بنفسہ لانصاف رعیتہ‘‘ (وہ اپنی رعیت کے انصاف کے لیے بذات خود بیٹھتا ہے) ، وہ لوگوں کی شکایات سننے کے لیے دربار عام منعقد کرتا ہے(۹۸)۔ سلطان محمد بن تغلق اپنے ان تمام جاہ وجلال کے ساتھ انتہائی متواضع اور نیکی واحسان کرنے والا ہے، چنانچہ ایک مرتبہ وہ ایک غریب نیک انسان کے جنازہ میں شریک ہوا اور جنازہ اپنے کندھے پر اٹھایا (۹۹)۔

محمد بن تغلق کی فیاضی، داد ودہش اور علماء نوازی وعلم پروری کی متعدد و حیرتناک مثالیں صاحب مسالک الابصار نے نقل کی ہیں(۱۰۰)۔

ابن بطوطہ لکھتا ہے کہ:

’’اس سلطان کی داد ودہش اور ساتھ ہی مجرمین کے ساتھ اس کی سختی وزیادتی کے بہت سے واقعات نقل کیے جاتے ہیں، لیکن ان سب کے باوجود وہ بہت زیادہ متواضع اور حق وانصاف پر سخت کاربند ہے۔ اس کے نزدیک دین کے شعائر محفوظ ہیں، اور نماز کے معاملہ میں اور نماز چھوڑنے پر سزا دینے میں بہت سخت ہے‘‘(۱۰۱)۔

اس کے ساتھ ہی محمد بن تغلق نے بڑی ظالمانہ سزائیں بھی نافذ کررکھی تھیں۔ ابن بطوطہ کے بقول روزانہ اس کے دربار کے سامنے قتل اور موت کی سزائیں دی جاتی تھیں(۱۰۲) ۔ بسا اوقات یہ سزائیں معمولی اختلاف پر بھی دی گئی تھیں، چنانچہ مولانا عفیف الدین کاشانی مشہور فقیہ کو محض اختلاف رائے کی وجہ سے قید اور پھر قتل کی سزا دی گئی، اور ان سے ملاقات کرنے والے دو اور فقیہ دوستوں کو بھی ان کی تائید کرنے پر قتل کرا یاگیا(۱۰۳)۔ ابن بطوطہ نے ایسے قتل کے کئی واقعات ذکر کئے ہیں، البتہ وہ انھیں عدل وانصاف کا تقاضا قرار دیتا ہے(۱۰۴)۔

پروفیسر ایشوی پرشاد نے محمد بن تغلق کی سزاؤں پر تجزیاتی گفتگو کی ہے اور انھیں معقول قرار دیا ہے،صباح الدین عبد الرحمن نے ان کی کتاب ہسٹری آف دی قرونہ ٹرکس سے نقل کیا ہے ،جس میںوہ لکھتے ہیں :

’’ سرکشوں کی سزاؤں میں سنگدلانہ روش کے باوجود وہ اپنی عدل گستری کے لئے مشہور رہا‘‘ (۱۰۵)۔

پروفیسر ایشوری پرشاد نے مزید لکھا ہے کہ:

’’معاصر مؤرخین متفقہ طور پر اس کی عدل پسندی اور غیر جانب داری کے مداح ہیں … سلطان کا بھائی مبارک خان دیوان خانہ میں قاضی کے ساتھ بیٹھتا تھا اور وہ میر داد کہلاتا تھا۔ اس کا کام تھا کہ کوئی بڑا سے بڑا امیر یا درباری مدعا علیہ ہوتا تو وہ اس کو قاضی کے سامنے لا کر پیش کر دیتا۔ قاضی کا بڑا احترام کیا جاتا اور حکومت کا معزز ترین عہدہ دار بھی قانون سے بالا نہیں ہوتا، محض بے لاگ عدل گستری کی خاطر سلطان نے میر داد کا عہدہ خاص طور پر قائم کیا تھا، وہ عدل نوازی کے سلسلہ میں مشائخ اور علماء کی رو رعایت مطلق نہ کرتا، وہ اگر مجرم ہوتے تو ان کو بلا تامل سزائیں دیتا، عدل نوازی کی خاطر اس نے اپنے ہی کو عدالت عالیہ بنالیا تھا، ابن بطوطہ اور شہاب الدین دونوں سلطان کی عدل گستری میں مساوات اور غیر جانب داری کے مداح ہیں‘‘(۱۰۶)۔

تغلق نے شیخ علم الدین ولد شیخ علاء الدین اجودھنی کو مملکت ہندوستان کا شیخ الاسلام بنایا تھا(۱۰۷)۔ مولانا کمال الدین غزنوی اس دور میں صدر جہاں اور قاضی القضاۃ تھے، ابن بطوطہ نے سلاطین ہند کے بارے میں زیادہ معلومات مولانا کمال الدین سے ہی حاصل کی تھی(۱۰۸)۔

شہاب الدین ابن العمری نے لکھا ہے کہ تغلق کے زمانہ میں صدر جہاں کو قاضی القضاۃ کہا جاتا تھا اور اس منصب پر اس وقت کمال الدین بن برہان فائز تھے۔ انہیں صدر الاسلام کہا جاتا تھا، انہی کے مثل عہدہ شیخ الاسلام کا تھا اور محتسب تھا(۱۰۹)۔ فقہاء اور علماء کے معاملات صدر جہاں سے متعلق تھے، اور فقراء ومحتاجین کے معاملات شیخ الاسلام سے وابستہ تھے(۱۱۰)۔

6۔ فیروز شاہ‘ محمد بن تغلق کا چچا زاد بھائی تھا۔ اس کا دور خوشحالی وبہبودی اور نرمی کے لیے جس طرح مشہور تھا‘ عدل وانصاف کے لیے بھی یہ دور معروف رہا۔ اس عہد میں عدل وانصاف کی حکومت تھی، کسی بھی شخص کو دوسرے پر ظلم وتعدی کرنے کا حق نہ تھا۔ فیروز شاہ نے اسلام کے شرعی قوانین کو بہت اہمیت دی تھی، اسی نے غیر مسلموں پر جزیہ کی شرعی مقدار بھی نافذ کی تھی۔ اس کے دور میں سزائیں وحشیانہ نہیں تھیں، بلکہ وہ شریعت کے مطابق ہوتی تھیں۔

فیروز شاہ کی تخت نشینی کے وقت دہلی کے مشہور چشتی بزرگ شیخ نصیر الدین چراغ نے اسے لکھا تھا کہ ’’اس خلق کے ساتھ تم عدل وانصاف کا برتاؤ کرو گے‘‘(۱۱۱)۔

ڈاکٹر نظامی نے عفیف کے حوالے سے لکھا ہے کہ فیروز شاہ کے زمانہ میں دیوان قضاء کی اہمیت اور اختیارات وسیع ہو گئے تھے۔ دیوان قضاء‘ دیوان شرع کے نام سے مشہور ہوا، اور سلطان نے سید جلال الدین کرمانی کو جو صدر جہاں تھے پورے اختیارات تفویض کر دیے(۱۱۲)۔ فیروزشاہ نے شیخ صدر الدین نبیرہ شیخ بہاء الدین زکریا کو شیخ الاسلام کے منصب پر فائز کیا تھا، اس نے مالی نظام کو شریعت کے مطابق ترتیب دینے کی کوشش کی، اور حکم دیا کہ جن ٹیکسوں کا وصول کرنا قرآن کے مطابق نہ ہو ان کو کسی صورت میں بیت المال میں جمع نہ کیا جائے(۱۱۳)۔ چنانچہ اس نے 29 قسم کے ٹیکس معاف کیے۔ٹیکسوں کی فہرست ڈاکٹر نظامی نے فتوحات فیروز شاہی، سیرت فیروز شاہی اور تاریخ فیروز شاہی عفیف کی بنیاد پر تیار کرکے پیش کی ہے(۱۱۴)۔

خلیق نظامی لکھتے ہیں کہ : برنی کی فتاوائے جہانداری اور تاریخ فیروز شاہی سے پتہ چلتا ہے کہ ہندؤں کو معاشی سہولتیں حاصل تھیں اور وہ سماجی اقتدار سے بھی محروم نہ تھے(۱۱۵)۔

فیروز شاہ نے علماء ومشائخ سے فتویٰ حاصل کرنے کے بعد برہمنوں سے جزیہ وصول کیا تھا(۱۱۶)۔

ڈاکٹر ایشوری پرشاد نے لکھا ہے کہ:

’’اس نے اپنی بادشاہت کا اولین فرض یہ قرار دیا تھا کہ انسانوں کو غیر معمولی سزائیں نہ دی جائیں اور ان کو غیر قانونی طور پر نہ قتل کیا جائے‘‘(۱۱۷)۔

وہ مزید لکھتے ہیں:

’’جزیہ لینے کے بعد اسلامی ریاست ہر طرح سے ذمیوں کی جان ومال کی نگرانی کرتی تھی، اور اسلامی فوج جنگ کے موقع پر اور دوسرے نازک موقعوں پر ان کی پوری حفاظت کرتی تھی اور ایسا کرنا ان کے مذہبی فریضہ میں داخل تھا‘‘(۱۱۸)۔

وہ اور لکھتے ہیں:

’’فیروز شاہ سے پہلے کسی حکمراں نے اسلامی روایات وقوانین کی پابندی نہیں کی، پورے ملک پر اسلامی قوانین کی جزئیات کا خیال کیے بغیر حکومت ہوتی رہی۔… پہلی مرتبہ فیروز شاہ نے حکومت اور حکمرانی کو اسلامی طرز کے مطابق بنانا چاہا۔ اسی لیے اس نے جزیہ عائد کیا، فتوحات فروزشاہی میں ہے کہ ہندؤں اور بت پرستوں نے ذمی کی حیثیت سے زر ذمہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور نئی حکومت نے ان کی حفاظت اور نگہبانی کی ذمہ داری لی اور ان کو مذہبی مراسم ادا کرنے کی پوری آزادی عطا کی‘‘(۱۱۹)۔

وہ لکھتے ہیں:

’’فیروزشاہ نے دیہی آبادی کی بدحالی اور مصیبت کم کرنے کے لیے تمام غیر دانشمندانہ قوانین بالکل ختم کر دیے‘‘(۱۲۰)۔ ’’فیروز شاہی عہد میں عدل وانصاف کی حکومت تھی اور کسی شخص کو بھی دوسرے پر ظلم وتعدی کرنے کا حق نہ تھا۔ تمام ملک میں مکمل امن وسکون تھا‘‘(۱۲۱)۔

شمس سراج عفیف نے لکھا ہے کہ :

’’فیروز شاہ نے خدا کی اعانت ومہربانی سے ممالک محروسہ سے تمام غیر مشروع اور جو خلاف احکام شرع ملک میں رائج تھے دور کیا‘‘(۱۲۲)۔

اس کے بعد عفیف نے ایسے ٹیکسوں کی تفصیل دی ہے جو اس نے موقوف کرا دیے تھے۔ عفیف لکھتا ہے:

’’مفتی لشکر شاہی قاضی نصر اللہ ہاتھی پر سوار ہوئے اور اس فرمان کو بادشاہ کی زبان میں بہ آواز بلند پڑھ کر سنایا، جس کا مضمون یہ تھا کہ اگرچہ سلطان قدیم نے جو نہایت دور اندیشی وعدل کے ساتھ ملک پر حکمراں رہے‘ مصالح ملکی کی بناء پر اس قسم کے محاصل رعایا سے وصول کیے، لیکن چونکہ از روئے شرع ان محاصل کا وصول کرنا جائز نہیں ہے، اسی لیے میں اپنے عہد حکومت میں ان تمام محاصل کو یک قلم موقوف کرتا ہوں، مؤرخ عفیف اس محفل میں حاضر تھا اور خاکسار نے اپنے کانوں سے یہ فرمان سنا ہے، اس فرمان کی سماعت کے لئے عوام وخواص ہر طبقے کے بے شمار افراد جمع ہوئے تھے اور اس قدر مجمع تھا کہ حاضرین کا شمار نہیں ہو سکتا‘‘(۱۲۳)۔

فیروز شاہ کے دور میں قاضی صدر الملک کا مالی خرد برد کا جرم ثابت ہوا تو ’’اس کے بعد قاضی کو دربار شاہی کے روبرو سزا دی گئی‘‘(۱۲۴)۔ عفیف لکھتا ہے کہ: ’’فیروز شاہ خونی مجرموں کی ہرگز رعایت نہ کرتا اور فوراً ان سے قصاص لیتا تھا‘‘(۱۲۵)۔

چنانچہ جب یوسف بقرا کے فرزند کلاں نے برادر خورد کو قتل کر دیا اور مقتول کی والدہ نے بارگاہ شاہی میں فریاد کی تو ’’باوجودیکہ بادشاہ یوسف بقرا کے فرزند کلاں پر بے حد مہربان تھا، بایں ہمہ اس نے قصاص لیا اور معاف نہ فرمایا‘‘(۱۲۶)۔

’’فیروز شاہ قیدیوں کے بارے میں عمال کو سخت تاکید کرتا تھا کہ جہاں تک ممکن ہو ان کو جلد رہا کیا جائے، یہاں تک کہ آخر میں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تمام کار کن قیدیوں کے حالات سے بادشاہ کو مطلع کرتے تھے‘‘(۱۲۷)۔

7۔ سکندر لودی کا دور‘ عہد سلطنت کا آخری زمانہ ہے۔ بہلول لودی اور سکندر لودی کے عدل وانصاف کے واقعات معروف رہے ہیں۔ پروفیسر ایم ایس راما سوامی نے ’ہسٹری آف انڈیا‘ میں لکھا ہے کہ بہلول لودی ’’غریبوں پر بڑا رحمدل تھا اور سختی سے عدل گستری کرتا تھا‘‘(۱۲۸)۔ سلطان بہلول لودھی کا جانشیں سکندر لودی ہوا۔ راجا درگا پرشاد نے گلشن ہند میں لکھا ہے کہ:

’’سلطان سکندر ایک عالم فاضل، عادل اور باذل بادشاہ تھا … ہندوؤں نے اسی زمانہ میں فارسی پڑھنا شروع کیا… وہ علاء الدین خلجی ہی کی طرح اجناس کے نرخ پر نظر رکھتا اور کسی قسم کی چیرہ دستی کو پسند نہ کرتاتھا، مظلوموں کی داد رسی کے لئے پورا اہتمام کر رکھا تھا‘‘(۱۲۹)۔

نظام الدین بخشی نے طبقات اکبری میں لکھا ہے کہ:

’’سلطان بہلول ظاہر میں راست کردار تھا اور شریعت کا نہایت پابند تھا، تمام معاملات میں احکام شرعی کی پابندی کا لحاظ رکھتا تھا، عدل وانصاف میں بہت مبالغہ کرتا تھا، اکثر اوقات علماء فقراء کی صحبت میں گزارتا تھا، فقیروں اور محتاجوں پر عنایتیں کرنا ضروری جانتا تھا‘‘(۱۳۰)۔

سکندر لودی کے طریقہ عدل وانصاف کے بارے میںڈاکٹر نظامی نے لکھا ہے:

’’سلطان ہر روز دربار عام کیا کرتا اور ہر شخص کی فریاد سنتا، کبھی صبح سے شام تک بلکہ سوتے وقت تک معاملات طے کیا کرتا … اس کی نظر میں قوی وضعیف یکساں تھے، وہ معاملات میں انصاف کیا کرتا اور نفسانی خواہشات کا زیادہ مطیع نہ تھا‘‘(۱۳۱)۔

سکندر لودی کا یہ واقعہ بھی اہم ہے کہ جب اس نے علماء سے دریافت کیا کہ تھانیسر میں ایک حوض ہے، جہاں ہندو جمع ہو کر اشنان کرتے ہیں۔ اس معاملہ میں شرع کا کیا حکم ہے؟ علماء نے سکندر کو جواب دیا کہ پرانے بت خانوں کو ویران کرنا جائز نہیں ہے، اور جو رسم پرانے زمانہ سے چلا آرہا ہے اس کو روکنا آپ کے ذمہ نہیں ہے۔ اس جواب پر سکندر کی خفگی کے باوجود علماء نے شرع کا حکم بے خوف وخطر اسے سنایا اور وہ پھر مطمئن ہو گیا(۱۳۲)۔

طبقات اکبری کے مطابق سکندر لودی کے زمانہ میں میاں بھوا ‘میر عدل اور سلطان کے وزیر تھے(۱۳۳) فرشتہ نے سکندر لودی کے عدل وانصاف کے واقعات کو نظام الدین احمد ہی کے حوالہ سے لکھا ہے(۱۳۴)۔

حواشی و حوالہ جات

۱۔ قاضی اطہر مبارکپوری نے اپنی کتاب ’العقد الثمین فی فتوح الہند ومن ورد فیھا من الصحابۃ والتابعین‘ (مطبوعہ دارالانصار، قاہرہ، مصر، 1399) میں متعدد صحابہ کے ہندوستان آنے کا ذکر کیا ہے۔ دیکھئے کتاب مذکور، صفحات: 50 تا 85

۲۔ سندھ میں مسلم حکومت کے قیام اور نظم ونسق کی تفصیل کے لیے دیکھئے چچ نامہ، علی بن حامد کوفی، اردو ترجمہ اختر رضوی، مطبوعہ سندھی ادبی بورڈ حیدرآباد، سندھ، 2008ء، اورسندھ میں مذہبی معاملات میں آزادی کی اجازت کے لیے دیکھے اسی کتاب کے صفحات 214 اور آگے، نیز دیکھئے تاریخ سندھ، ابو ظفر ندوی، صفحہ42، 93 اور آگے، دار الاشاعت کراچی ، 1995۔

۳۔ ابو ظفر ندوی ،تاریخ سندھ، صفحہ 118-119،دار الاشاعت کراچی ، 1995

۴۔ دیکھئے : احمد بن یحیی بن جابر بلاذری، فتوح البلدان ، فتوح السند، صفحہ 607 تا 627 ، مؤسسۃ المعارف بیروت 1987

۵۔ علی بن حامد کوفی ، چچ نامہ ، صفحہ 214 اور آگے ، حوالہ سابق ۔ نیز دیکھئے : میر علی شیرقانع ٹھٹھوی،تحفۃ الکرام، بہ تصحیح وحواشی مخدوم امیر احمد وڈاکٹر نبی بخش خاں بلوچ، اردو ترجمہ اختر رضوی، صفحہ 59-60،سندھی ادبی بورڈ، حیدرآباد، سندھ، اشاعت سوم، 2006۔ تحفۃ الکرام کی تصنیف 1180 ہجری میں ہوئی ہے۔ دیکھئے دیباچہ تحفۃ الکرام، صفحہ 6

۶۔ علی بن حامد کوفی،چچ نامہ(فتح نامہ سندھ)، اردو ترجمہ اختر رضوی، صفحہ 220، مطبوعہ سندھی ادبی بورڈ حیدرآباد، سندھ، 2008

۷۔ چچ نامہ ، حوالہ سابق ، صفحہ 234

۸۔ ابوظفر ندوی ، تاریخ سندھ صفحہ 91، دارالاشاعت، کراچی ۹۔دیکھئے بلاذری، حوالہ سابق، صفحہ 618

۱۰۔ حوالہ سابق ، صفحہ 97

۱۱۔ صباح الدین عبد الرحمن، ہندوستان کے عہد وسطی کی ایک ایک جھلک، مضمون: سی ایس راؤ صاحب،ہندوستان میں عربوں اور غزنویوں کی آمد، از کتاب ہسٹری آف انڈیا۔ صفحہ 7 ، معارف پریس اعظم گڑھ ، 1958

۱۲۔ندوی ، ابو ظفر ،تاریخ سندھ، حوالہ سابق، صفحہ 244 ۱۳۔ ندوی ، ابو ظفر ،تاریخ سندھ، حوالہ سابق ،صفحہ 450

۱۴۔ندوی ، ابو ظفر ،تاریخ سندھ، حوالہ سابق ،صفحہ 456 ۱۵۔ندوی،ابو ظفر ،تاریخ سندھ،حوالہ سابق، صفحہ 356۔357

۱۶۔ ندوی ، ابو ظفر ،تاریخ سندھ ،حوالہ سابق، صفحہ370

۱۷۔ ندوی ، عبد السلام، عہد اسلامی کا ہندوستان ، صفحہ 75-76، مطبوعہ سنہ 1950

۱۸۔یعقوبی ، تاریخ یعقوبی ،جلد 2، صفحہ 211 اور آگے، شرکۃ الاعلمی للمطبوعات ، بیروت 2010

۱۹۔ نظام الدین بخشی ، طبقات اکبری، اردو ترجمہ محمد ایوب قادری، جلد 1، صفحہ 59، اردو سائنس بورڈ لاہور، 1990

۲۰۔منہاج السراج ، طبقات ناصری، اردو ترجمہ غلام رسول مہر، جلد 1، صفحہ 411، مرکزی اردو بورڈ لاہور ، 1975

۲۱۔ انتظام اللہ شہابی، سلاطین ہند، صفحہ 72، ندوۃ المصنفین، دہلی 1966

۲۲۔ ریاست علی ندوی،حوالہ سابق، صفحہ 78

۲۳۔ بدایونی ، عبد القادر ، منتخب التواریخ، اردو ترجمہ علیم اشرف خاں ،جلد 1، صفحہ 11، NCPUL ، دہلی 2008

۲۴۔بدایونی ، عبد القادر، حوالہ سابق ۲۵۔ بدایونی ، عبد القادر، حوالہ سابق ، صفحہ 41

۲۶۔محمد قاسم فرشتہ ، تاریخ فرشتہ ، اردو ترجمہ عبد الحی خواجہ ،جلد 1 ، صفحہ 75 ، المیزان لاہور، 2008

۲۷۔صباح الدین عبد الرحمن ، حوالہ سابق ، صفحہ 30-31 ۲۸۔ حوالہ سابق ،صفحہ 35-37

۲۹۔ حوالہ سابق ، صفحہ 38-39 ۳۰۔ ندوی ، عبد السلام ،عہد اسلامی کا ہندوستان، صفحہ 111

۳۱۔ حوالہ سابق ، صفحہ 112 ۳۲۔ منہاج الدین سراج ،حوالہ سابق، جلد 2 ، صفحہ 297

۳۳۔ حوالہ سابق، جلد 2 ، صفحہ303 ۳۴۔منہاج الدین ، حوالہ سابق، جلد 1، صفحہ 742

۳۵۔صباح الدین عبد الرحمن نے غیر مسلم منصف مؤرخین کی تحریروں کے اس مجموعہ کی تیاری سر ہنری الیٹ کی مشہور کتاب ’ہسٹری آف انڈیا‘ کے رد عمل کے طور پر کی ہے ۔ دیکھئے مقدمہ کتاب مذکور ۔

۳۶۔ صباح الدین عبد الرحمن ، حوالہ سابق ، صفحہ 297، حاشیہ اور صفحہ 301، حاشیہ۔

۳۷۔ بشیر احمد ، دی ایڈمنسٹریشن آف جسٹس ان میڈیول انڈیا، صفحہ 226۔227، علیگڑھ یونیورسٹی اسٹڈیز، 1941

۳۸۔ عبد الحفیظ صدیقی ،بر صغیر پاک وہند میں اسلامی نظام عدل گستری، صفحہ 80-81، ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد،1969

۳۹۔ عبد الحفیظ صدیقی، حوالہ سابق، صفحہ 86-87 ۴۰۔ صباح الدین عبد الرحمن ، حوالہ سابق ، صفحہ 231 تا 235

۴۱۔ صباح الدین عبد الرحمن ، حوالہ سابق ، صفحہ 235 تا 241

۴۲۔ بشیر احمد ، دی ایڈمنسٹریشن آف جسٹس ان میڈیول انڈیا، صفحہ 144 ، علیگڑھ یونیورسٹی اسٹڈیز، 1941

۴۳۔ نیشاپوری، حسن ، تاج المآثر، اردو ترجمہ سید احسن الظفر، صفحہ 236-237،NCPUL دہلی ، 2016

۴۴۔ نظامی،خلیق احمد، سلاطین دہلی کے مذہبی رجحانات، صفحہ94 تا 97 ، ندوۃ المصنفین دہلی ، 1958

۴۵۔ابن بطوطہ،ابو عبد اللہ محمد بن عبد اللہ، تحفۃ النظار فی غرائب الامصاروعجائب الاسفار، صفحہ 334 ، دار احیاء العلوم بیروت ، 1987

۴۶۔نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق، صفحہ 110 ۴۷۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق، صفحہ 120-121

۴۸۔ نظامی ، خلیق احمد،حوالہ سابق، صفحہ 122 ۴۹۔ابن بطوطہ، عجائب الاسفار، حوالہ سابق، صفحہ 433

۵۰۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق،جلد 1، صفحہ 796-797 ۵۱۔ منہاج سراج، حوالہ سابق، جلد 1 ، صفحہ 807

۵۲۔ منہاج سراج،حوالہ سابق، صفحہ 810 ۵۳۔ منہاج سراج، حوالہ سابق، صفحہ 822

۵۴۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق،صفحہ 823 ۵۵۔منہاج سراج، حوالہ سابق ،صفحہ 824

۵۶۔ منہاج سراج ، حوالہ سابق صفحہ 825 ۵۷۔منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 843

۵۸۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 844 ۵۹۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 845

۶۰۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 851 ۶۱۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 856

۶۲۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ، جلد 2 ، صفحہ 47-48 ۶۳۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 48-49

۶۴۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 70 ۶۵۔ منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 72

۶۶۔منہاج سراج ،حوالہ سابق ،صفحہ 76

۶۷۔ نظامی ، خلیق احمد، سلاطین دہلی کے مذہبی رجحانات، صفحہ 155، ندوۃ المصنفین دہلی 1958

۶۸۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق ، صفحہ 155 ۶۹۔ نظامی، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 170

۷۰۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق ، صفحہ 177 ۷۱۔ نظامی، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 179

۷۲۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق ، صفحہ 180 ۷۳۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق ، صفحہ 177

۷۴۔ نظام الدین بخشی ،طبقات اکبری ، حوالہ سابق ، جلد 1، صفحہ 148

۷۵۔ نظامی، حوالہ سابق، صفحہ 200 ۷۶۔ نظام الدین بخشی ،طبقات اکبری، جلد 1، صفحہ 202

۷۷۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق، صفحہ 229 ۷۸۔نظام الدین بخشی، حوالہ سابق، جلد 1، صفحہ 263 تا 267

۸۰۔نظام الدین بخشی، حوالہ سابق، جلد 1، صفحہ 246 ۸۱۔ نظامی، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 242

۸۲۔ نظام الدین بخشی،حوالہ سابق ، صفحہ 248-253 ۸۳۔ نظام الدین بخشی، حوالہ سابق

۸۴۔ نظام الدین بخشی، حوالہ سابق ،جلد 1، صفحہ 201 ۸۵۔نظامی،حوالہ سابق ، صفحہ 277

۸۶۔ نظام الدین بخشی،حوالہ سابق ، جلد 1،صفحہ 224 ۸۷۔ نظام الدین بخشی،حوالہ سابق ، جلد 1، صفحہ 264

۸۸۔نظام الدین بخشی، حوالہ سابق

۸۹۔ڈاکٹر خلیق نظامی کا خیال ہے کہ اس نے دار السلطنت کی تبدیلی نہیں کی تھی، اسی لئے سرکاری دفاتر، خزانہ اور فوج دہلی ہی میں تھی، غیر مسلم رعایا کو بھی نہیں بھیجا گیا تھا، دہلی کی آبادی کو دیوگیر بھیجنے کا مقصد اس علاقہ کو اسلامی تہذیب و تمدن کا مرکز بنانا تھا۔ دیکھئے نظامی،حوالہ سابق ، صفحہ 339

۹۰۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق ، 352

۹۱۔ قلقشندی، ابو العباس احمد،صبح الاعشیٰ فی قوانین الانشاء ، جلد 5، صفحہ 69، دار الکتب المصریہ ، قاہرہ ، 1922

۹۲۔ ابن العمری ، مسالک الابصار فی ممالک الامصار،تحقیق کامل سلمان الجبوری، جلد 3، صفحہ 57، دار الکتب العلمیہ بیروت

۹۳۔ ابن العمری، حوالہ سابق ، صفحہ 76 ۹۴۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق، صفحہ 481

۹۵۔ بدایونی ،حوالہ سابق، جلد 1، صفحہ 168 ۹۶۔ ابن العمری، مسالک الابصار،جلد 3،صفحہ 64

۹۷۔ قلقشندی ، حوالہ سابق ،جلد 5، صفحہ 95 ۹۸۔ ابن العمری،مسالک الابصار،جلد 3،صفحہ 59

۹۹۔ ابن العمری،مسالک الابصار،جلد 3،صفحہ 63 ۱۰۰۔ مسالک الابصار،جلد 3،صفحہ 65-68

۱۰۱۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق،صفحہ 453 ۱۰۲۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق، صفحہ 481

۱۰۳۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق، صفحہ 484 ۱۰۴۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق، صفحہ 484

۱۰۵۔صباح الدین، حوالہ سابق، صفحہ 214 ۱۰۶۔ صباح الدین، حوالہ سابق،صفحہ 214

۱۰۷۔ نظامی،خلیق احمد،حوالہ سابق، صفحہ362 ۱۰۸۔ ابن بطوطہ ، عجائب الاسفار،حوالہ سابق، صفحہ 452

۱۰۹۔ ابن العمری،مسالک الابصار،جلد 3، صفحہ 55-56 ۱۱۰۔ابن العمری،مسالک الابصار،جلد 3، صفحہ 57

۱۱۱۔ نظامی،خلیق احمد، حوالہ سابق، صفحہ 301 ۱۱۲۔ نظامی ،خلیق احمد،خلیق احمد، حوالہ سابق ، صفحہ 418

۱۱۳۔ نظامی ، خلیق احمد،حوالہ سابق ۱۱۴۔ نظامی ، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 420

۱۱۵۔ نظامی ، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 435 ۱۱۶۔ نظامی ، خلیق احمد،حوالہ سابق ،صفحہ 437

۱۱۷۔ صباح الدین ، حوالہ سابق، صفحہ 263 ۱۱۸۔ صباح الدین ،حوالہ سابق، صفحہ 267

۱۱۹۔ صباح الدین ،حوالہ سابق، صفحہ269 ۱۲۰۔ صباح الدین ،حوالہ سابق،صفحہ 271

۱۲۱۔ صباح الدین ،حوالہ سابق،صفحہ 272

۱۲۲۔ سراج عفیف،تاریخ فیروز شاہی، اردو ترجمہ محمد فدا علی،صفحہ 263 ،دار الطبع جامعہ عثمانیہ سرکار عالی حیدر آباد، 1938

۱۲۳۔ سراج عفیف ، تاریخ فیروزشاہی ، حوالہ سابق ، صفحہ 266 ۱۲۴۔ سراج عفیف ،حوالہ سابق ،صفحہ 317

۱۲۵۔ سراج عفیف ،حوالہ سابق، صفحہ 336 ۱۲۶۔ سراج عفیف ،حوالہ سابق ،صفحہ 377

۱۲۷۔ سراج عفیف ،حوالہ سابق ، صفحہ 341 ۱۲۸۔صباح الدین عبد الرحمن ،حوالہ سابق ،صفحہ 284

۱۲۹۔ صباح الدین ، حوالہ سابق ، صفحہ،286 ۱۳۰۔ نظام الدین بخشی ،طبقات اکبری، جلد اول، صفحہ 433

۱۳۱۔ خلیق احمد نظامی ، سلاطین دہلی کے مذہبی رجحانات، حوالہ سابق، صفحہ 479

۱۳۲۔نظام الدین بخشی ، طبقات اکبری، ترجمہ محمد ایوب قادری،جلد اول، صفحہ 481، اردو سائنس بورڈ، لاہور، 1990

۱۳۳۔ نظام الدین بخشی ، حوالہ سابق،صفحہ 485

۱۳۴۔ محمد قاسم فرشتہ ، تاریخ فرشتہ، جلد دوم، صفحہ 405، اردوترجمہ عبد الحی خواجہ، المیزان لاہور، 2008

ڈاکٹر محمد فہیم اختر ندوی · صفحہ ۲۶

تحقیقات شرعیہ، شمارہ ۸ · جولائی تا ستمبر ۲۰۲۶

پی ڈی ایف پڑھیں (PDF)

شمارہ ۸ کی فہرست مضامین

Tags

Share this post: