محمد ابن اسحاق اور فن مغازی

مولاناعبدالمتین ندوی

(استاذدارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ)

محمد ابن اسحاق کی کنیت ابوبکر المخرمی ہے مغازی وسیرت میں اصول الاصول کی حیثیت رکھتے ہیں مدینے میں سن ۸۵ ہجری میں پیدا ہوئے ،لیکن خاندانی اعتبار سے وہ مدینے کے نہ تھے ،ان کے دادا یسار کو خالد ابن ولید نے سبی عین التمر سے سن ۱۲ ہجری میں قید کر کے مدینے لائے تھے :

یسار من سبی عین التمرمن موالی قیس ابن مخرمة ابن عبد المطلب ابن عبد مناف۔(۱ )

یسار سبی عین التمرکے رہنے والے تھے ،اور قیس ابن مخرمۃ ابن عبد المطلب ابن عبد مناف کے موالی میں سے تھے۔

محمد ابن اسحاق کی نشوونما مدینے میں ہوئی مدینہ چونکہ اس زمانے میں مرکز علم تھا اور بڑے بڑے اساطین علم و فن اپنی ضیابار کرنوں سے سرزمین مدینہ کو منور کیے ہوئے تھے ،محمد ابن اسحاق نے انہی پرنور فضاؤں میں پرورش پائی اور وہیں کے ساختہ و پرداختہ تھے، اسلۓ بڑے بڑے اساتذہ فن کے سامنے زانو تلمذ طے کیا ،جن میں سر فہرست عبدالرحمن ابن الاسود ابن یزید النخعی م ۹۹ہجری، عطا ابن ابی رباح م ۱۴۴ ہجری، عکرمہ ابن خالد ابن العاص م ۱۱۵ ہجری ،ابو رجا یزید ابن ابی حبیب الازدی م۱۳۸ ہجری ، امام کیسان ابو سعید المقبری م۱۲۵ ہجری ، امام حجاز و شام محمد ابن مسلم ابن شہاب الزہری م ۱۲۳ یا ۱۲۴ ہجری، قاسم ابن محمد م ۱۰۶ ہجری ، ابو عبداللہ ابن ابی مسلم الھز لی المشھور بمکحول الشامی م۱۱۳ یا ۱۱۴ ہجری، ابو محمد نافع ابن جبیر ابن مطعم ابن عدی م ۹۹ ہجری ،محمد ابن المنکدر ابن عبداللہ التیمی م۱۳۰ ہجری ، محمد ابن ابراہیم ابن الحارث التیمی م ۱۲۰ ہجری ،ابو عبید ابن ابی حمید الطویل م ۱۴۳ ہجری ،عبادہ ابن ولید ابن عبادہ ابن صامت م ۱۰۱ ہجری ،ابو جعفر محمد ابن علی ابن حسین رضی اللہ تعالی عنہ م ۱۱۴ ہجری ،ابو ابراہیم عمر ابن شعیب ابن محمد السھمی م ۱۱۸ ہجری، سعد ابن ابراہیم ابن عبدالرحمن زہری م ۱۲۵ ہجری، ابراہیم ابن عقبہ ابو عیاش الاسدی م ۱۴۱ہجری۔

یہ ابن اسحاق کے مشہور اساتذہ ہیں جن سے انہوں نے سماعت کی ان کے علاوہ اور بہت سارے اساتذہ ہیں جن کے چشمہ صافی سے سیرابی حاصل کی، جب محمدا بن إسحاق نے اپنی عمر کی تین دہائیاں مکمل کر لیں تو سن ۱۱۵ ہجری میں اسکندریہ کا رخ کیا اور یہاں یزید ابن حبیب سے سماعت حدیث کی ،وہاں سے پھر مدینے آگئے، اور وہاں ان حدیثوں کو جمع کرنے لگے جن کا تعلق مغازی سے تھا اور اس کی وجہ سے آپ کو اس درجہ شہرت ملی کہ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ جیسے امام یہ فرماتے ہیں ۔

من أرادان یتبحر في المغازي فهو عيال على ابن اسحاق۔(۲ )

اگر کسی کو فن مغازی میں مہارت حاصل کرنی ہو تو وہ محمد ابن اسحاق کا محتاج ہوگا ۔

مدینے ہی میں آپ کی ملاقات سفیان ابن عینہ سے بھی ہوئی آپ نے ان سے بھی کسب فیض کیا، مدینے میں محمد ابن اسحاق بعض حاسدوں کے حسد کا شکار ہو گئے اور آپ پر قدر کا الزام لگایا گیا جس کے نتیجے میں آپ کو مدینہ چھوڑنا پڑا، حالانکہ اس الزام کے پیچھے حقیقت کچھ بھی نہیں تھی:

قال الذھبی قال محمد بن عبد الله بن النمير رمی بالقدر وكان أبعد الناس منه۔(۳)

امام ذھبی فرماتے ہیں کہ محمد بن عبد الله بن النميرکہتے ہیں کہ محمد ابن إسحاق پرقدر کا الزام لگایا گیا، حالانکہ وہ اس سے بہت دور تھے۔

چونکہ ابن اسحاق مغازی کی روایتیں جمع کر رہے تھے جن میں بعض ان لوگوں سے بھی روایتیں لیں جو قدری تھے مثلا غیلان الدمشقی القدری ،مغازی کے باب میں اس طرح کی بے احتیاطی سے شایدہی کوئی محفوظ ہو۔

۱۳۲ ہجری میں بغداد چلے آئے ،بغداد میں قیام کے دوران جزیرہ کوفہ اور ر ے کے اسفار کیے اور وہاں کے علماء سے اپنی علمی تشنگی کو شادکام کیا اور ۱۴۶ ہجری میں بغداد پھر لوٹ آۓ،

قال فؤاد سزکین واضطر بعد ذلك إلى أن یھاجر إلى بغداد واقام فترة قصيرة فی الجزيرة وفی الکوفة وفی الری ثم عاد سنة ۱۴۶ من الهجرة إلى بغداد۔(۴ )

فؤاد سزکین کہتے ہیں اور اسکے بعد بغداد کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ، اور انہوں نے ایک مختصر مدت جزیرہ ، کوفہ اور رےمیں بھی قیام کیا، پھر سن ۱۴۶ ھ میں بغداد لوٹ آئے۔

خیر الدین زرکلی کا بیان ہے کہ محمد ابن اسحاق نے بغداد میں مستقل قیام کا ارادہ کر لیا اور وہیں سن ۱۵۱ ہجری میں وفات ہوئی اور خیزران کے مقبرے میں تدفین ہوئی:

سکن بغداد فمات فيها ودفن بمقبرة الخيزوران أم الرشيد۔( ۵)

کتاب المغازی کے تالیف کی وجہ

جب عباسی حکومت قائم ہو گئی اور حالات نے سکون کی سانسیں لینی شروع کی تو محمد ابن اسحاق نے مختلف شہروں کا دورہ کیا جس میں عراق کوفہ جزیرہ رے اور بغداد شامل ہیں، بغداد میں ان کی ملاقات خلیفۂ وقت ابو جعفر منصور سے ہوئی اس نے اپنے بیٹے مہدی کے لیے ایک ایسی کتاب لکھنے کی درخواست کی جس میں آدم علیہ السلام کی آفرینش سے لے کر اس کے دور تک کے واقعات ہوں، خلیفہ کا حکم تھا اور ابن اسحاق کی دلچسپی کا سامان بھی تھا چنانچہ وہ اس کام میں جٹ گیے اور جلدہی ایک ایسی کتاب تیار کر دی جو تھی تو کام کی لیکن کتاب طویل ہو گئی اس لیے منصور نے اس کو شاہی کتب خانے میں داخل کر دیا اور اس کو مختصر کرنے کا حکم دیا ،وہی اختصار آج ہمارے سامنے ہے جو مغازی ابن اسحاق کے نام سے مشہور و متداول ہے ،اس اعتبار سے یہ کتاب سیرت کے موضوع پر پہلی اور قدیم ترین کتاب ہے اور اس کتاب نے گویا کہ ابن اسحاق کو حیات دوام عطا کر دی بقول مولانا عبداللہ عباس ندوی رحمۃ اللہ علیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے در پاک کے فرش سے اٹھے تو عزت و سرفرازی کے عرش تک پہنچ گئے۔(۵)

یہاں یہ ذکر کر دینا فائدے سے خالی نہیں ہوگا کہ مستشرقین نے محمد ابن اسحاق پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے یہ کتاب عباسی خلفاء کے دباؤ میں تحریر کی اس کی دلیل یہ ہے کہ ان لوگوں نے ان کو یہ روایت بیان کرنے پر مجبور کیا جس میں ہے کہ عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ روایت نقل کی وہ فرماتے ہیں

من لقي عباس بن عبد المطلب فلا يقتله فانما خرج مستكر ها۔ (۶)

غزوۂ بدر میں جو قیدی پکڑے گئے ان میں عباس ابن عبد المطلب بھی تھے ، جس کسی کی ملاقات عباس ابن عبد المطلب سے ہو تو انکو کوئی قتل نہ کرے کیونکہ وہ مجبوراً نکلے ہیں۔

احمد امین اس کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں کہ مستشرقین کا یہ اعتراض اس وقت درست ہوتا جب ابن اسحاق کے شاگردوں نے عباسی خلیفہ منصور کے ملنے سے پہلے یہ روایت ان سے نہ کی ہوتی جو اس بات کی دلیل ہے کہ اس طرح کی روایت بیان کرنے میں ابن اسحاق پر کسی طرح کا سیاسی دباؤ نہیں تھا۔

قد بحث بعض المستشرقين في احتمال تأثر ابن إسحاق بالعباسيين لاتصاله بالمنصور وذكر مثلا على ذلك موقف العباس في غزوۃ بدر وهو جد العباسيين فقد ذكر ابن اسحاق انه حارب في بدر مع المشركين ولكنه لطف ذلك فزعم انه كان مكرها وروى في ذلك حديثا عن ابن عباس رضي الله تعالى عنه عن رسول الله صلى الله عليه وسلم انه قال من لقي عباس بن عبد المطلب فلا يقتله فانما خرج مستكرھاً ورد عليه اخرون بأن بعض تلاميذ ابن إسحاق في المدينۃ وهو ابراهيم بن سعد روى عنه خبراكهذا قبل اتصاله بالعباسيين۔(۷)

بعض مستشرقین نے اس بات پر اعتراض کیا ہیکہ محمد ابن إسحاق کی جب منصور سے ملاقات ہوئی تو وہ عباسیوں سے متأثر ہوگئے ، اور اس کی دلیل یہ دیتے ہیں کہ عباسیوں کے جد امجد عباس رضی اللہ تعالی عنہ جنگ بدر میں مشرکوں کے ساتھ تھے لیکن ان کے ساتھ لطف کا معاملہ کیا گیا اور یہ کہا کہ وہ جبرا ً جنگ بدر میں آئے تھے اور اس سلسلے میں ایک حدیث ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے نقل کر دی جس میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس کسی کی ملاقات عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے ہو ان کو قتل نہ کرے کیونکہ وہ جنگ میں جبرا نکلے ہیں اس پر بعضوں نے یہ جواب دیا کہ مدینے میں محمد ابن اسحاق کے بعض شاگرد جن میں ابراہیم ابن سعد ہیں انہوں نے ابن اسحاق سے یہ روایت عباسی خلیفہ منصور سے ملنے سے پہلے روایت لی۔

محمد ابن اسحاق محدثین کی نظر میں

محمد ابن اسحاق کی حیثیت محدثین کی نظر میں مختلف فیہ رہی ہے اگر ایک طرف محمد ابن اسحاق کو امیر المومنین فی الحدیث شعبہ کہتے ہیں:

لو كان لي سلطان لأمرته على المحدثين۔(۸)

اگر میرا بس چلتا تو میں محمد ابن اسحاق کو امیر المومنین فی الحدیث بنا دیتا۔

اسی طرح سے عبداللہ ابن مبارک رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں:

محمد ابن اسحاق ثقة ثقة ثقة۔(۹)

امام زہری فرماتے ہیں:

لايزال بالمدينۃ علم ما دام هذا الأحول بالمدينۃ۔(۱۰)

دوسری طرف امام دار ہجرہ مالک ابن انس فرماتے ہیں:

انه دجال من الدجاجلة ۔(۱۱)

اسی طرح سے ہشام ابن عروہ ان کو کذاب کہتے ہیں۔(۱۲)

جہاں تک بات رہی امام مالک کےجرح کی تو اس میں کوئی ایسی چیز نظر نہیں آتی جس کی بنیاد پر یہ کہا جائے کہ ان کا محمد ابن اسحاق پر جر ح کسی دینی بنیاد پر ہے، امام مالک کے قول کو لے لیجئے ان کا ابن اسحاق پر طعن کی دو وجہیں ذکر کی گئی ہیں ایک وجہ ابن عبدالبر لکھتے ہیں :

مبیناً سبب التنافر بين مالك وابن اسحاق ولا اعلم ان احدا انكر ان مالكا ومن ولده كانوا حلفاء بني تيم ابن مره من قريش ولا خالف فيه الا محمد بن اسحاق زعم ان مالكا وآبائه وأجداده واعمامه موالي لبني تيم ابن مره هذا هو السبب لتكذيب مالك لمحمد بن اسحاق وطعنه عليه۔(۱۳)

امام مالک اور ابن اسحاق کے مابین منافرت کا سبب بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ میں نہیں جانتا کہ کسی نے اس بات سے انکا رکیا ہو کہ امام مالک اور انکے آباء واجداد بنی تیم ابن مرۃ کے حلیف تھے اوراس سلسلے میں محمد ابن إسحاق کے علاوہ کسی نے مخالفت نہیں کی ، ابن إ سحاق کا کہنا یہ ہیکہ امام مالک اور انکے آباء و اجداد تیم ابن مرہ کے موالی میں سےتھے، اسی وجہ سےامام مالک نے محمد ابن إسحاق کی تکذیب کی اور ان پر طعن کیا ۔

دوسری وجہ جب امام مالک کی کتاب موطامنصّۂ شہود پر آئی تو انہوں نے کہہ دیا میرے سامنے مالک کے علوم پیش کرو ،میں اسکا علاج کرتا ہوں ، تو اس پر امام مالک نے کہا کہ دیکھو ان کو یہ دجالوں میں سے ایک دجال ہے ۔

قال ابن ادریس کنت عند مالک فقال رجل کنت بالری عند عبیدالله وزیر المھدی فقال ابن إسحاق ھا توا أعرضو علیّ علوم مالک فإنی أنا بیطارھا فقال مالک إنه دجال من الدجاجلة۔ (۱۴)

محمد ابن ادریس کہتے ہیں میں امام مالک کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ ایک شخص کہنے لگا کہ میں رے میں المھدی کے وزیر عیبداللہ کے پاس تھا کہ محمد ابن إسحاق کہنے لگے کے مالک کے علوم پیش کرو ، میں اسکا علاج کرتا ہوں ،اس پر امام مالک نے کہا کہ وہ دجالوں میں سے ایک دجال ہے۔

محمد ابن اسحاق پر دوسرے بڑے معترض و ناقد ہشام ابن عروہ ہیں ان کا کہنا ہے کہ محمد ابن اسحاق جھوٹا ہے اس کی وجہ یہ بیان کرتے ہیں کہ اس نے میری بیوی فاطمہ بنت منذر سے روایت بیان کی جبکہ وہ میرے گھر بیاہ کر آئی اور اس کی عمر صرف ۹ سال کی تھی اور مرتے دم تک اسکی کسی غیر محرم سے ملاقات نہیں ہوئی پھر اس نے کیسے دعوی کیا کہ اس نے میری بیوی سے روایت کی اس کا مطلب ہے کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔

لیکن اگر اس واقعے کی گہرائی میں جائیں تو معاملہ کچھ اور نظر آئے گا پہلی بات تو یہ ہے کہ فاطمہ بنت منذر سے تنہا محمد ابن اسحاق روایت کرنے والے نہیں ہیں، ان سے محمد ابن سوقہ نے بھی روایت کی ہے دوسرے یہ کہ ہشام ابن عروہ نے جب فاطمہ بنت منذر سے شادی کی اس وقت ان کی عمر ۳۰ سال سے متجاوز تھی اور وہ ہشام ابن عروہ سے ۱۳ سال بڑی تھی اور جس وقت محمد ابن اسحاق نے فاطمہ بنت منذر سے روایت کی،ان کی عمر ۵۰ سال سے زائد تھی اور ابن اسحاق اس وقت لڑکے تھے۔

اس سلسلے میں حافظ ذھبی نے دلچسپ واقعہ نقل کیا ہے وہ یہ کہ ابو قلابہ رقاشی بیان کرتے ہیں کہ مجھ سے ابو داؤد سلیمان ابن داؤد نے بیان کیا کہ یحیٰ القطان کہتے ہیں کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ابن اسحاق جھوٹا ہے میں نے کہا کہ آپ کو کیسے معلوم کہ وہ جھوٹا ہے کہنے لگے مجھ سے وھیب نے بتایا میں نے وھیب سے معلوم کیا کہ آپ کو کیسے معلوم کہ وہ جھوٹا ہے کہنے لگے کہ مجھ سے مالک ابن انس نے بیان کیا میں نے مالک ابن انس سے پوچھا کہ آپ کو کیسے معلوم کہ محمد ابن اسحاق جھوٹا ہے تو جواب میں کہنے لگے کہ مجھ سے ہشام ابن عروہ نے بیان کیا ،میں نے ھشام ابن عروہ سے پوچھا کہ آپ کو کیسے معلوم کہ محمد ابن اسحاق جھوٹا ہے کہنے لگے کہ وہ میری بیوی سے روایت بیان کرنے کا دعوی کرتا ہے حالانکہ وہ میرے گھر بیاہ کر کے آئی جب کہ وہ صرف نو سال کی تھی اور مرتے دم تک اس کو کسی غیر محرم مرد نے نہیں دیکھا:

قال أبو قلابة الرقاشي حدثني أبو داؤد سليمان بن داؤد قال يحي ابن سعيد القطان أشهد أن محمدابن إسحاق كذاب، قلت: وما يدريك؟ قال قال لي وهيب فقلت لوهيب وما يدريك؟ قال: قال لي مالك بن انس، فقلت لملك وماید ريك ؟ قال: قال لی هشام ابن عروة، قال: قلت لهشام ابن عروة، وما يدريك؟ قال حدث عن امرأتي فاطمة بنت المنذر وأدخلت عليّ وهي بنت تسع وما رآها رجل حتى لقيت الله تعالى۔(۱۵)

ابو قلابہ رقاشی کہتے ہیں مجھ سے ابو داؤد سلیمان ابن داؤد نے بیان کیا کہ یحی ابن سعید کہتے ہیں کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ابن اسحاق جھوٹا ہے ،میں نے کہا آپ کو کیسے معلوم؟کہنے لگے مجھ سے وہیب نے کہا ،میں نے وہیب سے کہا کہ آپ کو کیسے معلوم ؟تو انہوں نے کہا کہ مجھ سے مالک ابن انس نے بیان کیا ،میں نے مالک سے پوچھا آپ کو کیسے معلوم ؟کہنے لگے مجھ سے ہشام ابن عروہ نے کہا میں نے ہشام ابن عروہ سے پوچھا آپ کو کیسے معلوم ؟کہنے لگے کہ میری بیوی فاطمہ بنت منذر سے وہ حدیث بیان کرتا ہے حالانکہ وہ میرے پاس بیاہ کر آئی اور وہ صرف نو سال کی تھی اس کے بعد کسی مرد نے اس کو نہیں دیکھا یہاں تک کہ وہ اللہ کی پیاری ہو گئی۔

اہل انصاف بتائیں کہ کیا اتنی سی بات پر کسی بھی اہل علم کو کذاب یا دجاّل کہا جا سکتا ہے جبکہ ان کی تصدیق و توثیق بڑے بڑے ائمہ حدیث کرتے ہوں۔

حافظ ذھبی کہتے ہیں ہشام ابن عروہ کا قسم کھانا اپنی جگہ پر درست ہے کہ کسی مرد نے ان کو نہیں دیکھا لیکن جو روایت کرنے کا دعوی کر رہے ہیں وہ یہ تو نہیں کہہ رہے ہیں کہ میں نے ان کی بیوی کو دیکھا ہے۔(۱۶)

ابن اسحاق کی تصدیق و توثیق کرتے ہوئے علی ابن مدینی کہتے ہیں کہ میرے نزدیک ابن إسحاق کی حدیثیں صحیح ہیں ، جہاں تک بات رہی ان پر امام مالک کے کلام کی تو وہ کوئی حجت نہیں ہے، کیونکہ نہ امام مالک نے ان کی مجالست اختیار کی اور نہ ہی امام مالک نے ابن إسحاق کو جانا،اور پھرانہوں نے مدینے میں کون سی ایسی روایت بیان کردی جسکی وجہ سے انکو مطعون کیا جائے،اسی طرح سے ہشام ابن عروہ کی بھی بات کوئی حجت نہیں ہے، ہوسکتا ہےکہ انہوں نے انکی بیوی سے سماعت کی ہو اور ابن إسحاق چھوٹے ہوں۔

وقال يعقوب ابن شيبة سألت ابن المدينی عن ابن إسحاق، قال حديثه عندي صحيح، قلت فكلام مالك فيه؟ قال: مالك لم يجالسه، ولم يعرفه، وأي شيء حدث بالمدينة؟ قلت: فهشام بن عروه قد تكلم فيه؟ قال الذي قال هشام ليس بحجّة لعله دخل على إمرأته وهو غلام فسمع منها وإنّ حديثه يتبين فیه الصدق۔( ۱۷)

یعقوب ابن شعبہ کہتے ہیں کہ میں نے علی ابن المدینی سے پوچھا کہ آپ کے نزدیک محمد ابن اسحاق کی حدیث کیسی ہے تو انہوں نے کہا میرے نزدیک صحیح ہیں میں نے کہا امام مالک نے جو ان پر کلام کیا ہے کہنے لگے کہ نہ انہوں نے ابن اسحاق کی مجالست اختیار کی اور نہ ہی امام مالک نے ان کو جانا اور پھر ابن اسحاق نے مدینے میں کون سی ایسی روایت بیان کر دی پھر میں نے کہا کہ ہشام ابن عروہ نے جو ان پر کلام کیا ہے؟ تو علی ابن المدینی کہنے لگے کہ ہشام نے جو ان پر کلام کیا وہ کوئی حجت نہیں ہے، ہو سکتا ہے کہ ان کی بیوی سے اس وقت روایت کی ہو جب وہ چھوٹے رہے ہوں ،اور انکی حدیث میں سچائی ظاہر ہوتی ہے۔

پھر ان سے روایت کرنے والے تنہا محمد ابن اسحاق نہیں ہیں محمد ابن سوقہ نے بھی روایت کی ہے۔

محمد ابن اسحاق اور فن مغازی

فن مغازی میں ابن إسحاق کے ٹکر کا انکے زمانے میں کوئی نہیں تھا،اسکا اعتراف انکے زمانے کے بڑے بڑے أئمہ اور محدثین نے کیا ہے جن میں امام شافعی ؒ ، امام زہریؒ ، علی ابن المدینیؒ، ابن عدیؒ،امام بخاریؒ ،امام احمد ابن حنبلؒ وغیرہ شامل ہیں :

قال ابوبکر الھذلی سمعت الزہری یقول: لا یزال بالمدینة علم جم ما دام فیھا ابن إسحاق۔ (۱۸)

امام زہری فرماتے ہیں مدینے میں علم مغازی برابر جاری رہے گا جب تک محمد ابن اسحاق وہاں رہیں گے۔

امام زہری دوسری جگہ فرماتے ہیں:

وقال الزھری وسئل عن مغازیه ،فقال :ھذاأعلم الناس بھذا یعنی ابن إسحاق۔(۱۹)

امام زہری سے ابن اسحاق کے مغازی کے بارے میں پوچھا گیا ،تو کہنے لگے ،ابن اسحاق فن مغازی میں سب سے زیادہ جاننے والے ہیں ۔

اسی طرح سے ابن حبان کہتے ہیں فن مغازی میں یا اس کو جمع کرنے میں ابن اسحاق کے ٹکر کا کوئی شخص مدینے میں نہیں تھا ،وہ واقعات کو بیان کرنے میں سب سے بہتر شخص تھے۔(۲۰ )

ابوزرعہ رازی ابن اسحاق کی تعریف وتوصیف یوں فرماتے ہیں:

قال ابوزرعة الرازی: وإبن إسحاق قد أجمع الکبار من أھل العلم علی الأخذ عنه، وقد اختبرہ أھل الحدیث فراؤاصدوقا وخیرا۔ (۲۱)

ابو زرعہ رازی کہتے ہیں محمد ابن اسحاق ایسے شخص ہیں جن سے روایت لینے میں تمام بڑے اہل علم متفق ہیں اہل مدینہ نے جب ان کے حافظے کو جانچا تو صدوق اور بہتر پایا ۔

وہ مزیدفرماتے ہیں:

وقد ذاکرت دحیماً قول مالک فیه فرأ ی أن ذالک لیس للحدیث انما ھواتھمه بالقدر۔ (۲۲)

ابو زرعہ کہتے ہیں میں نے دحیم سے محمد ابن اسحاق کے سلسلے میں امام مالک کے قول کو ذکر کیا تو کہنے لگے وہ حدیث کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ ان پر انہوں نے قدر کا الزام لگایا ۔

مختلف مواقع پر ابن شہاب زہری نے محمد ابن اسحاق کی تعریف و توثیق میں جو کلمات کہے ہیں وہ درج ذیل ہیں:

ایک موقع پر فرمایا:

لایزال بالمدینۃ علم مابقی ہذا اعنی ابن اسحاق۔(۲۳)

مدینے میں علم مغازی اس وقت تک باقی رہے گا جب تک ابن اسحاق مدینے میں ہیں۔

ایک دفعہ فرمایا:

لایزال بالمدینۃ علم جم مادام فیہم ابن اسحاق۔(۲۴)

جب تک محمد ابن اسحاق مدینے میں ہیں مدینہ علم سے معمور رہے گا۔

ایک دفعہ ابن اسحاق کو آتے ہوئے دیکھا تو کہنے لگے سرزمین حجاز میں بہت زیادہ علم رہے گا یعنی علم مغازی جب تک یہ کرنجا یعنی ابن اسحاق رہے گا ۔(۲۵)

مشہورمحدث ابن عدی کہتے ہیں:

ولو لم یکن لإبن إسحاق من الفضل إلّا أنه صرف الملوک عن الاشتغال بکتب لا یحصل منھا شیئ إلی الاشتغال بمغازی رسول للہ صلی علیه وسلم۔ ومبعثه ومبتدأ الخلق لکانت ھذہ الفضیلة سبق بھا ثم من صنف بعدہ قوم آخرون فلم یبلغوا مبلغ ابن إسحاق منھا۔(۲۶)

ابن عدی کہتے ہیں محمد ابن اسحاق کا کوئی کارنامہ نہ ہو ان کا صرف یہ کارنامہ کافی ہے کہ انہوں نے بادشاہوں کو ان کتابوں سے بیزار کر کے جن کا کچھ حاصل نہیں تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور مغازی ا ور آپ کی بعثت اور ابتدائے افرینش کے واقعات میں مشغول کر دینا ہی بہت بڑا کارنامہ ہے ان کے بعد بہت سوں نے سیرت و مغازی پر کتابیں لکھیں لیکن جو شہرت و بلندی ابن اسحاق کو حاصل ہوئی کوئی اس درجے کو نہیں پہنچ سکا ۔

اسی مفہوم کوعلامہ شبلی ؒ نے ان الفاظ میں لکھاہے:

فن مغازی کو ابن اسحق نے اتنی ترقی دی اور اس قدر دلچسپ بنادیاکہ خلفاء عباسیہ جوزیادہ تراس قسم کا مذاق رکھتے تھے،ان میں مغازی کامذاق پیداہوگیا،چنانچہ ابن عدی نے اسی احسان کاخاص طرح پر ذکرکیاہے،ابن عدی نے لکھاہے کہ اس فن میں کوئی تصنیف ان کی تصنیف کے رتبہ کو نہیں پہونچتی۔ (۲۷)

ابن عدی مزید کہتے ہیں کہ اس پر تمام علماء کا اتفاق ہے کہ محمد ابن إسحاق فن مغازی میں مرجع کی حیثیت رکھتے ہیں البتہ بعض چیزوں میں شذوذ رکھتے ہیں لیکن وہ بھی حلال و حرام میں نہیں انکی روایتوں سے استشہاد کیا جا سکتا ہے۔ (۲۸)

قال ابن عدی: فتشت أحادیث ابن إسحاق الکثیرة فلم اجد فی أحادیثه ما یتھیأ أن یقطع علیه بالضعف، وربما أخطأ أو وھم کما یخطئ غیره، ولم یتخلف فی الروایة عنه الثقات والأئمة وھولا بأس به۔(۲۹)

ابن عدی کہتے ہیں کہ میں نے ابن إسحاق کی بہت ساری روایتوں کی تفتیش کی لیکن مجھے انکی احادیث میں کو ئی ایسی بات نظر نہیں آئی جنکی بنیاد پر انکو ضعیف کہا جائے، البتہ کبھی کبھی غلطی کرتے تھے یا وہم کا شکار ہو جاتے تھے جس طرح دوسرے لوگ غلطیاں کرتے ہیں، لیکن ان سے روایت لینے میں ثقات اور ائمہ پیچھے نہیں رہے، اور ان سے روایت لینے میںکوئی حرج نہیں ہے۔

امام ذہبی ایک جگہ محمد بن اسحاق کوعلم مغازی کابحرزخارسے تعبیرکرتے ہیں۔( ۳۰)

امام ذھبی نیز امام ابویوسف کے حوالے سے نقل کرتے ہیں کہ جو غریب حدیثوں کے پیچھے پڑے گا وہ جھٹلایا جائے گا،امام ابن اسحاق کا سب سے بڑا قصور یہی ہے کہ وہ ہر کس و ناکس سے روایتیں لے لیتے تھے اور اس میں احتیاط نہیں کرتے تھے۔ (۳۱)

اخیر میں یہ کہنے میں کوئی حرج نہیں ہے کہ باوجودیکہ محمد ابن إسحاق فن مغازی میں امامت کے درجہ کو پہنچے ہوئے تھے اور امام زھری جیسے لوگوں نے اس فن میں آپکےکمال کو تسلیم کیا ہے لیکن امام مالک کے کلام نے انکو ساقط الاعتبار کر دیا، اور ابن إسحاق کے کلام نے امام مالک کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا،اسلئے کہ امام مالک کی حیثیت مدینہ میں ثقاہت کے اعتبار سے سکّہ ٔ رائج الوقت کی سی تھی اور محمد ابن إسحاق کی حیثیت محض ایک تاریخ نویس اور سیرت نگار کی سی تھی ۔

حواشی:

۱۔میزان الاعتدال ،ج ۳ ص: ۴۶۸،دارالمعرفۃ،بیروت

۲۔ ضحي الاسلام احمد امین، ج ۳ ص : ۳۳۸،لجنۃ التالیف والترجمۃ والنشر،القاہرۃ،الطبعۃ الثالثۃ

۳۔ میزان الاعتدال جلد ٣ ص٤٦٩، دارالمعرفۃ بیروت

۴۔ تاريخ التراث العربي ، ج۱،ص: ۸۸،ادارۃ الثقافۃ والنشر بالجامعۃ الامام محمد بن سعود،المملکۃ العربیۃ السعودیۃ

۵۔الأعلام ،ج۶،ص: ۲۸ دار العلم بيروت، معجم المؤلفین عمر رضا کحالہ جلد ۹ ص :۴۴ ، دار احیا ء التراث العربی بیروت و تاریخ بغداد جلد ۱ ص ۲۱۵ خطیب بغدادی

۵۔تاریخ تدوین سیرت صفحہ ۳۹ ناشر دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد

۶۔المستدرک علی الصحیحین حدیث نمبر ۵۰۶۵ ودلائل النبوۃ للبیھقی و معرفۃ الصحابۃ حدیث نمبر ۹۸

۷۔ضحي الاسلام ج ۲ ص ۳۳۰الطبعۃ الثالثۃ مطبعۃ لجنۃ التالیف و الترجمۃ والنشر القاہرہ

۸۔میزان الاعتدال،ج۳،ص:۴۷۳،دارالمعرفۃ بیروت

۹۔فتح القدیر،ابن الہمام ،ج۱،ص:۱۵۹،دارالکتب العلمیۃ  بیروت

۱۰۔سیراعلام النبلاء،ج۷،ص:۳۶

۱۱۔حوالہ سابق،ج۷،ص:۵۰

۱۲۔میزان الاعتدال،ج۳،ص:۴۷۱،دارالمعرفۃ ، بیروت

۱۳۔الانتقاء فضائل الثلاثۃ الائمۃ الفقھاء ص: ۱۱،دارالکتب العلمیۃ،بیروت، الترغیب والترھیب ج ۶ ،ص: ۳۵۶

۱۴۔سیراعلام النبلاء جلد ٧ ص ۵۰،مؤسسۃ الرسالۃ بیروت

۱۵۔ میزان الاعتدال ج ۳ ص: ۴۷۱ دارالمعرفۃ، بیروت

۱۶۔ سير اعلام النبلاء، ج ۷ ،ص: ۳۸

۱۷۔میزان الاعتدال،ج۳،ص:۴۷۱

۱۸۔سير اعلام النبلاءج: ۷ص:۳۶،موسسۃ الرسالۃ بیروت

۱۹۔حوالہ سابق

۲۰۔الاعلام ج ۶ ص:۲۸ دارالعلم بیروت

۲۱۔تاریخ ابی زرعۃ الدمشقی ج:۱ ص: ۵۳۷

۲۲۔حوالہ سابق جلد ۱ صفحہ ۵۳۷

۲۳۔سیراعلام النبلاء،ج۷،ص:۳۶،موسسۃ الرسالۃ ،بیروت

۲۴۔حوالہ سابق

۲۵۔حوالہ سابق

۲۶۔سير اعلام النبلاء ج:۷ ص: ۳۶،موسسۃ الرسالۃ ،بیروت

۲۷۔سیرت النبی ج ۱،ص:۳۱،مقدمہ

۲۸۔تذکرۃ الحفاظ جلد ۱ ،ص:۱۶۳،دارالکتب العلمیۃ ،بیروت

۲۹۔ سیر اعلام النبلاء ج۷ ص ۴۸ ،مؤ سسۃالرسالہ بیروت

۳۰۔حوالہ سابق ج ۷، ص: ۳۵

۳۱۔حوالہ سابق جلد ۷ صفحہ ۵۰

مولانا عبدالمتین ندوی · صفحہ ۵۴

تحقیقات شرعیہ، شمارہ ۸ · جولائی تا ستمبر ۲۰۲۶

پی ڈی ایف پڑھیں (PDF)

شمارہ ۸ کی فہرست مضامین

Tags

Share this post: