مجلس تحقیقات شرعیہ ندوۃ العلماء کے صدر بین الاقوامی شہرت یافتہ عالم دین،آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکے صدراورندوۃ العلماء کے ناظم حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم ہیں۔
حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم کی علمی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے،کئی درجن کتابوں کے مصنف ہیں،ملک کے نامورفقہی وتحقیقی ادارہ اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے سرپرست ہیں، آپ کا اصل موضوع عربی زبان وادب،تاریخ،سیرت ہے،لیکن خالص دینی موضوعات پربھی آپ کی متعدد تحریرں زیورطبع سے آراستہ ہوکراہل علم سے خراج تحسین وصول کرچکی ہیں،فقہ کے موضوع پرآپ کے گرانقدرمقالات اوراسلامی فقہ اکیڈمی ودیگرفقہی اداروں میں پیش کردہ صدارتی خطبات مقالات ہیں۔
آپ کی فقہی تحریروں کے دومجموعے شائع ہوچکے ہیں،عربی مقالات کا مجموعہ اضواء علی الفقہ الاسلامی ومکانۃ الاجتہاد منہ کے نام سے ہے،جسے فیصل ایوارڈیافتہ ندوی فاضل مولانا ڈاکٹرعلی احمد ندوی نے اپنے مقدمہ کے ساتھ شائع کرایا،جبکہ دوسرامجموعہ جواردو مقالات پرمشتمل ہے،یہ فقہ اسلامی اورعصرجدید کے نام سے پہلے المعہد العالی للقضاء والافتاء اوربعد میں مجلس تحقیقات ونشریات اسلام سے شائع ہوا،اس مجموعہ کونوجوان فاضل اورفتاوی ندوۃ العلماء کے مرتب ومحقق مولانا منورسلطان ندوی نے مرتب کیاہے۔