مجلس کے موجودہ سکریٹری مولاناعتیق احمدبستوی صاحب نے عصری مسائل کے لئے قائم فقہی اکیڈمیوں کے کاموں اورموجودہ حالات کے تقاضوں کوسامنے رکھ کرمجلس کے مقاصدمیں قدرے توسیع کی،تاکہ مجلس کادائرہ محدودنہ رہے،اب مجلس کے مقاصد درج ذیل ہیں:
۔دورحاضر کے پیداکردہ نئے مسائل نیزوہ قدیم احکام ومسائل جوبدلے ہوئے عالمی یاملکی حالات میں از سر نوغوروخوض کے محتاج ہیں ان پراجتماعی غوروخوض اورشرعی فیصلہ کی کوشش کرنااورامت مسلمہ کوان فیصلوں سے واقف کرانا۔
۔دورحاضرمیں جن مسائل اورسوالات پرسنجیدہ بحث وتحقیق کی ضرورت ہے ان کی فہرست سازی کرنااوران مسائل وسوالات پرمحقق علماء وفقہاء اورباصلاحیت وحوصلہ مند فضلائے مدارس وجامعات سے کتابیں اورمضامین لکھوانااورانہیں مختلف زبانوں میں شائع کرانے کی کوشش کرنا۔
۔اسلام کی جن تعلیمات کے بارے میں شکوک وشبہات پائے جاتے ہیں یا اعتراضات کئے جاتے ہیں ان موضوعات پراطمینان بخش لٹریچرتیارکرنااورپرنٹ و الیکٹرانک میڈیاکے ذریعہ اسے پھیلانے اورعام کرنے کی کوشش کرنا۔
۔پوری دنیااورخصوصاعالم عربی اورعالم اسلامی میں فقہ اورشریعت کے بارے میں جوتحقیقی ادارے یافقہ اکیڈمیاں ہیں ،ان کے سیمیناروں، کانفرنسوں اورتحقیقی کاموں سے واقف رہنے اوران سے علمی رابطہ رکھنے کی کوشش کرنااورہندوستان کے ممتازفقہاء وعلماء کو ان سے واقف کرانے کی کوشش کرنا۔
۔اسلام کے عائلی قوانین (نکاح ،طلاق،وراثت وغیرہ)کے بارے میں ایسی کتابیں اورمضامین تیارکراناجن میں ان قوانین کی بھرپوروضاحت ہو،ان پرکئے جانے والے اعتراضات وشبہات کے اطمینان بخش جوابات ہوں،اوردوسرے عائلی قوانین سے ان کاموازنہ بھی کیاگیاہو۔
۔ہندوستان کی اعلی عدالتوں (سپریم کورٹ اورہائی کورٹ)کے مسلم پرسنل لاکے بارے میں دئے گئے مخالف شریعت فیصلوں کاقانونی اورشرعی جائزہ تیارکرانا اوراسے شائع کرانے کی کوشش کرنا۔
۔دارالافتاء ندوۃ العلماء میں آنے والے اہم او رتحقیق طلب سوالات ومسائل کا تحقیقی جواب تیارکرنا۔
۔دارالعلوم ندوۃ کے طلبہ میں فقہی ذوق ومزاج کوپروان چڑھانے کے لئے اہم فقہی موضوعات پرمحاضرات،مقابلے،مذاکرے منعقدکرانا۔
۔دارالعلوم ندوۃ العلماء کے کم از کم دوہونہارفضلاء جن کی فقہ وافتاء میں اچھی صلاحیت ہو،انہیں معقول اسکالرشب کے ساتھ تصنیفی تربیت کے لئے منتخب کرنا،اوران سے فقہی موضوعات پرعلمی وتحقیقی کام لیناتاکہ مستقبل میں وہ فقہی وشرعی موضوعات پر بہتر سے بہترکام کرسکیں۔
۔مذکورہ بالامقاصدکوبروئے کارلانے کے لئے مختلف اقدامات کرنا،پروگرام بنانا، سیمینار اورکانفرنسیں منعقدکرانا،اسٹڈی گروپ تشکیل دینا،ورکشاپ منعقدکرنا،وغیرہ
مجلس کے تفصیلی تعارف کے لئے دیکھئے:مجلس تحقیقات شرعیہ :مختصر تاریخ اور تشکیل نو کاخاکہ،از مولانامنورسلطان ندوی